پاک-لنکا دوسرا ٹیسٹ جے وردھنے کے پسندیدہ میدان پر منتقل

1 1,011

پاکستان اور سری لنکا کے درمیان ٹیسٹ سیریز کے ساتھ ہی عظیم بلے باز مہیلا جے وردھنے طویل طرز کی کرکٹ کو خیرباد کہہ دیں گے۔ اس لیے سری لنکا کرکٹ نے ان کے کیریئر کے آخری ٹیسٹ کو یادگار بنانے کے لیے ان کے آبائی میدان سنہالیز اسپورٹس کلب پر منتقل کردیا ہے۔

مہیلا جے وردھنے اس میدان پر 374 رنز کی اپنے کیریئر کی بہترین اننگز کھیل چکے ہیں (تصویر: AFP)
مہیلا جے وردھنے اس میدان پر 374 رنز کی اپنے کیریئر کی بہترین اننگز کھیل چکے ہیں (تصویر: AFP)

پاکستان اور سری لنکا کے درمیان ٹیسٹ سیریز 6 اگست سے گال میں شروع ہوگی اور سیریز کا دوسرا و آخری ٹیسٹ 14 اگست سے کولمبو کو پی سرا اوول میں طے شدہ تھا لیکن سری لنکا کرکٹ کی ایگزیکٹو کمیٹی نے اسے مہیلا جے وردھنے کے ہوم گراؤنڈ ایس ایس سی پر منتقل کردیا ہے جو اسی شہر میں واقع ہے اور مہیلا کے پسندیدہ ترین میدانوں میں شامل ہے۔ 77 سے زیادہ کے اوسط کے ساتھ تقریباً 2700 رنز اس میدان پر بنانے والے مہیلا نے چند روز قبل اعلان کیا تھا کہ پاکستان کے ساتھ سیریز کے بعد وہ ٹیسٹ کرکٹ کو خیرباد کہہ دیں گے اور اپنی پوری توجہ ون ڈے پر مرکوز رکھیں گے تاکہ وہ اگلے سال عالمی کپ کی بھرپور تیاری کر سکیں۔ مہیلا رواں سال کے اوائل میں ٹی ٹوئنٹی سے بھی ریٹائرمنٹ لے چکے ہیں اور اب ٹیسٹ چھوڑ دینے کے بعد وہ محض ایک روزہ کرکٹ میں سری لنکا کے لیے دستیاب ہوں گے جو گزشتہ دو ورلڈ کپ ٹورنامنٹس میں فائنل تک رسائی کے باوجود عالمی چیمپئن نہ بن سکا اور اب مہیلا کی تمنا ہے کہ وہ اپنے آخری عالمی کپ میں اس روایت کو توڑیں اور 19 سال کے بعد ایک مرتبہ پھر سری لنکا کو عالمی چیمپئن بنائیں۔

بہرحال، اب تک 146 ٹیسٹ میچز کھیلنے والے مہیلا جے وردھنے آج سے جنوبی افریقہ کے خلاف سیریز کا دوسرا ٹیسٹ اور اس کے بعد پاکستان کے خلاف سیریز کا آخری ٹیسٹ بھی اسی میدان پر کھیلیں گے جہاں 2006ء میں انہوں نے اپنے کیریئر کا بہترین انفرادی اسکور 374 رنز بنایا تھا۔ اس میدان پر اپنے آخری دو ٹیسٹ میچز میں سری لنکا کو بڑی امیدیں وابستہ ہیں کہ جے وردھنے کچھ کر دکھائیں گے، کیونکہ ٹیم جنوبی افریقہ کے خلاف سیریز میں شکست کے دہانے پر ہے اور اس کے بعد پاکستان کے خلاف ایک بڑا امتحان بھی درپیش ہے۔