سی ایل ٹی 20 شیڈول کا اعلان، ٹورنامنٹ ستمبر و اکتوبر میں ہوگا

0 1,008

دنیا بھر کی چیمپئن ٹی ٹوئنٹی ٹیمیں رواں سال ایک مرتبہ پھر چیمپئنز لیگ ٹی20 میں مدمقابل ہوں گی۔ بھارت نے ستمبر و اکتوبر میں ہونے والی سی ایل ٹی20 کے شیڈول کا اعلان کردیا ہے جس کے مطابق ٹورنامنٹ 13 ستمبر سے 4 اکتوبر تک بھارت کے چار شہروں میں کھیلا جائے گا۔

اس سال سی ایل ٹی20 میں پاکستان کی نمائندگی کا اعزاز قومی ٹی ٹوئنٹی چیمپئن لاہور لائنز کو ملے گا (تصویر: PCB)
اس سال سی ایل ٹی20 میں پاکستان کی نمائندگی کا اعزاز قومی ٹی ٹوئنٹی چیمپئن لاہور لائنز کو ملے گا (تصویر: PCB)

12 ٹیموں پر مشتمل اس ٹورنامنٹ میں چار ٹیمیں کوالیفائنگ راؤنڈ کھیلیں گی، جن میں پاکستان کی ٹی 20 چیمپئن لاہور لائنز بھی شامل ہے۔ ان میں سے دو ٹیمیں مرکزی مرحلے تک رسائی حاصل کریں گی جہاں بقیہ 8 ٹیمیں پہلے سے موجود ہوں گی۔ مجموعی طور پر ٹورنامنٹ میں بھارت سے چار، آسٹریلیا اور جنوبی افریقہ سے دو، دو اور پاکستان، نیوزی لینڈ، سری لنکا اور ویسٹ انڈیز سے ایک، ایک ٹیم حصہ لے گی۔

سی ایل ٹی 20 کے کوالیفائنگ مرحلے کے تمام چھ مقابلے ریاست چھتیس گڑھ کے شہر رائے پور میں ہوں گے جہاں کا شہید ویر نرائن سنگھ انٹرنیشنل اسٹیڈیم ان مقابلوں کا میزبان ہوگا۔ آغاز 13 ستمبر کو نیوزی لینڈ کی چیمپئن ناردرن ڈسٹرکٹس اور سری لنکا کی سدرن ایکسپریس کے درمیان مقابلے سے ہوگا جبکہ اسی روز پاکستان کی چیمپئن لاہور لائنز انڈین پریمیئر لیگ میں چوتھے نمبر پر آنے والی ممبئی انڈینز سے مقابلہ کریں گے۔

کوالیفائنگ مرحلے سے دو ٹیمیں مین راؤنڈ میں پہنچیں گی، جس کا آغاز 17 ستمبر کو حیدرآباد میں کولکتہ نائٹ رائیڈرز اور چنئی سپر کنگز کے درمیان مقابلے سے ہوگا ۔ یہاں ٹیموں کو پانچ، پانچ کے دو گروپوں میں تقسیم کیا گیا ہے جہاں سے سرفہرست دو ٹیمیں سیمی فائنل میں مدمقابل ہوں گی۔

بھارت سے کولکتہ اور چنئی کے علاوہ کنگز الیون پنجاب اور ممبئی انڈینز کھیلیں گی جبکہ آسٹریلیا سے پرتھ اسکارچرز اور ہوبارٹ ہریکینز، جنوبی افریقہ سے ڈولفنز اور کیپ کوبراز رواں سال سی ایل ٹی 20 میں حصہ لیں گی۔ اب تک 11 ٹیموں کی تصدیق ہوچکی ہے جبکہ ویسٹ انڈیز سے شرکت کرنے والی ٹیم کا طے ہونا ابھی باقی ہے کیونکہ کیریبیئن پریمیئر لیگ اس وقت جاری ہے۔

سیمی فائنل مقابلے دو اکتوبر کو حیدرآباد میں جبکہ فائنل 4 اکتوبر کو بنگلور کے ایم چناسوامی اسٹیڈیم میں ہوگا۔ ٹورنامنٹ کی انعامی مالیت 6 ملین ڈالرز ہوگی۔