جدیجا نے بلّا لہرایا تھا، پہلے اینڈرسن کو دھکا دیا: انگلش کھلاڑیوں کا دعویٰ

0 1,029

ساؤتھمپٹن میں انگلستان اور بھارت کے درمیان تیسرا ٹیسٹ شروع ہوچکا ہے تو وہیں اینڈرسن-جدیجا تنازع نے بھی ایک نیا موڑ لے لیا ہے۔

اینڈرسن-جدیجا تنازع دونوں ملکوں کے درمیان سخت کشیدگی کا باعث بن گیا ہے (تصویر: Getty Images)
اینڈرسن-جدیجا تنازع دونوں ملکوں کے درمیان سخت کشیدگی کا باعث بن گیا ہے (تصویر: Getty Images)

معروف کرکٹ ویب سائٹ کرک انفو کے مطابق جدیجا کے معاملے کی سماعت کے دوران انگلینڈ کے دو کھلاڑیوں نے میچ ریفری کو بتایا تھا کہ جھگڑے کے دوران پہل جدیجا نے کی تھی اور انہوں نے اینڈرسن کی جانب اپنا بلّا بھی لہرایا تھا۔

ٹرینٹ برج، ناٹنگھم میں کھیلے گئے پہلے ٹیسٹ کے دوسرے روز انگلستان کے باؤلر اینڈرسن اور بھارت کے بیٹسمین جدیجا آپس میں الجھ پڑے تھے اور بعد ازاں بھارت نے اینڈرسن کے خلاف شکایت درج کروائی تھی کہ انہوں نے جدیجا کے ساتھ بدزبانی کی اور انہیں دھکا بھی دیا۔ اس کے بعد انگلستان نے جدیجا پر الزام لگایا کہ انہوں نے اینڈرسن کے ساتھ سخت بدکلامی کی ۔ آئی سی سی نے جدیجا کے خلاف شکایت کی سماعت پہلے کی اور میچ ریفری ڈیوڈ بون نے ان پر 50 فیصد میچ فیس کا جرمانہ عائد کیا۔

کیونکہ اس جھگڑے کی کوئی وڈیو موجود نہیں تھی اس لیے کھلاڑیوں کے بیانات کی روشنی میں معاملات کو آگے بڑھایا گیا۔ ذرائع کے مطابق انگلستان کے دو کھلاڑیوں میٹ پرائیر اور بین اسٹوکس نے اپنے بیانات میں دعویٰ کیاکہ جدیجا نے دھمکی آمیز انداز میں اینڈرسن کا رخ کیا تھا، جنہوں نے اپنے دفاع میں انہیں دھکا دیا۔ پرائیر کا کہنا تھا کہ جدیجا نے اس دوران خطرناک انداز میں اپنا بلّا لہرایا جبکہ اسٹوکس نے کہا کہ پہلے جدیجا نے اینڈرسن کو دھکا دیا تھا۔

ان بیانات سے یہ تو ثابت ہوتا ہے کہ اینڈرسن نے جدیجا کو ضرور دھکا دیا ہے، اور یہ جرم ثابت ہونے پر انہیں دو سے چار ٹیسٹ میچز کی پابندی بھگتنا پڑ سکتی ہے۔ کیونکہ دونوں کھلاڑیوں کے بیانات سے کہیں اس امر کی نفی ملتی کہ اینڈرسن نے جدیجا کو ہاتھ نہیں لگایا۔ دوسری جانب بھارت کا دعویٰ ہے کہ جدیجا نے اینڈرسن کو چھوا تک نہیں۔

تیسرا ٹیسٹ مکمل ہونے کے بعد یکم اگست کو اینڈرسن معاملے کی سماعت ہوگی اور ہوسکتا ہے کہ ان پر پابندی عائد ہوجائے جو سیریز میں مایوس کن کارکردگی دکھانے والے انگلستان کے لیے ایک بہت بڑا دھچکا ہوگا لیکن ایسا نہ بھی ہوا تو میدان کے اندر اور میدان کے باہر دونوں ٹیموں کے درمیان حالات مزید کشیدہ ہوجائیں گے۔