بھارت شکست کے داغ دھونے کو بے تاب، لیکن پہلا مقابلہ بارش کی نذر

انگلستان کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں بدتری شکست کےبعد بھارت نے اپنی تمام تر امیدیں ایک روزہ مقابلوں کی سیریز سے وابستہ کی ہوئی ہیں لیکن بدقسمتی سے ان امیدوں پر پورا اترنے کا پہلا موقع بارش کی نذر ہوگیا۔

برسٹل میں طے شدہ بھارت-انگلستان سیریز کے پہلے مقابلے میں ایک گیند تک پھینکی نہ جا سکی۔ شہر میں گزشتہ شام سے شروع ہونے والی بارش رات گئے جاری رہی اور میچ کے روز تمام تر انتظار کے باوجود کھیلنے کے امکانات معدوم رہے یہاں تک کہ امپائروں نے اس کے خاتمے کا اعلان کردیا۔
شائقین، جو دن بھر اس امید پر میدان پر موجود رہے کہ شاید گزشتہ سال کی چیمپئنز ٹرافی کی طرح 20، 20 اوورز کا مقابلہ ہی دیکھنے کو مل جائے لیکن چار سال بعد اپنے میدان پر ایک روزہ مقابلہ دیکھنے کی تمنا دل ہی میں لیے لوٹ گئے۔
جنوبی افریقہ اور آسٹریلیا کے خلاف ہوم سیریز کے بعد اب بھارت کے خلاف ایک روزہ سیریز کا آغاز بھی پہلے میچ کے بارش کی نذر ہونے سے ہوا ہے۔ اب دیکھتے ہیں کہ آگے کیا ہوتا ہے۔ پانچ ون ڈے مقابلوں کی طویل سیریز کا دوسرا معرکہ کل یعنی بدھ کو ویلز کے دارالحکومت کارڈف میں ہوگا۔