"نو سو چوہے کھا کر۔۔۔۔۔ "، بالآخر تیز باؤلر بھی زد میں آگئے
نصف درجن آف اسپنرز کو نشانہ بنانے کے بعد بین الاقوامی کرکٹ کونسل نے بالآخر اپنی 'نظر کرم' تیز گیندبازوں کی جانب بھی کرلی ہے اور بنگلہ دیش کے الامین حسین بھی مشتبہ باؤلنگ ایکشن رکھنے والے باؤلرز کی فہرست میں آ گئے ہیں۔
پاکستان کے سعید اجمل کو معطل کیے جانے کے اعلان کے اگلے ہی دن بین الاقوامی کرکٹ کونسل نے اعلان کیا ہے کہ بنگلہ دیش کے الامین حسین کا باؤلنگ ایکشن بھی مشتبہ ہے اور اس کی رپورٹ ٹیم مینیجر حبیب البشر کو دے دی گئی ہے۔ الامین ویسٹ انڈیز کے خلاف کھیلے گئے پہلے ٹیسٹ کے دوران آئی سی سی عہدیداران کی کڑی نگاہوں کی زد میں آئے اور اب آئندہ تین ہفتوں میں آئی سی سی کی منظور شدہ تنصیبات سے اپنے باؤلنگ ایکشن کی جانچ کروائیں گے۔ اس دوران انہیں تمام طرز کی کرکٹ کھیلنے کی اجازت ہوگی یہاں تک کہ جانچ کے نتائج سامنے آ جائیں۔
بنگلہ دیش کے دورۂ ویسٹ انڈیز ہی میں مہمان ٹیم کے آف اسپنر سہاگ غازی کا باؤلنگ ایکشن بھی رپورٹ ہوچکا ہے جو ان 6 آف اسپنرز میں شامل ہیں جنہیں گزشتہ دو ماہ میں رپورٹ کیا گیا ہے۔ ان میں سے تین گیندباز سری لنکا کے سچیتھرا سینانائیکے، نیوزی لینڈ کے کین ولیم سن اور پاکستان کے سعید اجمل کے باؤلنگ ایکشن کی جانچ مکمل ہوچکی ہے اور تینوں پابندی کی زد میں آئے ہیں جبکہ سہاگ اور زمبابوے کے پراسپر اتسیا کے باؤلنگ ایکشن جلد ہی تجربات کی چھری تلے آئیں گے۔
24 سالہ الامین حسین نے 4 ٹیسٹ، 9 ایک روزہ اور 9 ٹی ٹوئنٹی کے مختصر کیریئر میں 31 وکٹیں حاصل کرچکے ہیں اور اب پابندی کے خطرے کی زد میں ہیں۔