آف اسپنرز زیر عتاب، عدنان رسول کا باؤلنگ ایکشن بھی رپورٹ ہوگیا
چیمپئنز لیگ ٹی ٹوئنٹی میں شریک لاہور لائنز کے گیندباز عدنان رسول کو مشکوک باؤلنگ ایکشن پر رپورٹ کردیا گیا ہے البتہ وہ سی ایل ٹی20 میں باؤلنگ جاری رکھ سکتے ہیں۔
چند روز قبل جب پاکستان کے نمبر ایک اسپنر سعید اجمل پر بین الاقوامی کرکٹ کونسل کی جانب سے پابندی عائد ہوئی تو ملک کے موجودہ آف اسپن وسائل پر نظر دوڑائی گئی۔ جن باؤلرز کو سعید اجمل کا ممکنہ جانشیں سمجھاگیا، ان میں ایک عدنان رسول بھی تھے۔ اس لیے سی ایل ٹی20 میں عدنان رسول پر بڑی نظریں تھیں کیونکہ ٹورنامنٹ میں ان کی کارکردگی ان کے مستقبل پر اثر ڈالتی۔ لیکن کوالیفائنگ راؤنڈ میں لاہور کی شاندار کامیابی کے بعد جیسے ہی مین راؤنڈ شروع ہوا، پہلے ہی روز عدنان رسول کے باؤلنگ ایکشن پر شکوک ظاہر کردیے گئے۔ کولکتہ نائٹ رائیڈرز کے خلاف گزشتہ شب ہونے والے مقابلے کے بعد فیلڈ امپائروں کمار دھرماسینا اور شمس الدین اور تیسرے امپائر انیل چودھری نے آگاہ کیا کہ انہیں عدنان رسول کے ایکشن پر شبہات ہیں۔
امپائروں کی رپورٹ کی بنیاد پر عدنان رسول کو خبردار کیا گیا ہے البتہ وہ آنے والے مقابلوں میں کھیل بھی سکتے ہیں اور باؤلنگ بھی کرسکتے ہیں۔ لیکن اگر سی ایل ٹی20 میں ایک مرتبہ پھر رپورٹ ہوئے تو انہیں ٹورنامنٹ میں مزید باؤلنگ سے روک دیا جائے گا۔ بلکہ نہ صرف سی ایل ٹی20 بلکہ بھارتی کرکٹ بورڈ کے زیر اہتمام ہونے والے کسی بھی مقابلے میں وہ اس وقت تک باؤلنگ نہیں کرپائیں گے جب تک کہ ان کا باؤلنگ ایکشن کلیئر نہ قرار پائے۔
عدنان رسول نے کولکتہ کے خلاف مقابلے میں اپنے چار اوورز میں محض 28 رنز دیے اور ایک وکٹ حاصل کی لیکن لاہور لائنز کو بعد ازاں 4 وکٹوں سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔
اب لاہور لائنز کا اگلا مقابلہ 25 ستمبر کو چنئی سپر کنگزکے خلاف بنگلور میں ہوگا۔