اینڈرسن کے باؤنسر سے احمد شہزاد زخمی

6 1,079

پاکستان کے اوپنر احمد شہزاد نے ابوظہبی میں جاری پاک-نیوزی لینڈ پہلے ٹیسٹ میں اپنے کیریئر کی بہترین اننگز کھیلی لیکن کھانے کے وقفے سے قبل آخری اوور میں کوری اینڈرسن کی ایک اٹھتی ہوئی گیند پر ہک کرنے کی غلطی انہیں بہت مہنگی پڑ گئی۔ گیند بلے کو چھوئے بغیر سیدھا ان کے دائیں کان کے قریب ہیلمٹ پر لگی۔ یہ ضرب اتنی شدید تھی کہ احمد شہزاد فوری طور پر گرگئے اور بلّا ان کے ہاتھ سے چھوٹ کر سیدھا وکٹوں پر جا لگا۔

احمد شہزاد کو دو دن تک مشاہدے میں رکھا جائے گا (تصویر: AFP)
احمد شہزاد کو دو دن تک مشاہدے میں رکھا جائے گا (تصویر: AFP)

احمد شہزاد کی شاندار اننگز تو اس کے ساتھ ہی اختتام کو پہنچی لیکن احمد کو شدید تکلیف کے عالم میں میدان سے باہر لایا گیا اور بعد ازاں دبئی کے ایک ہسپتال میں ان کی طبی جانچ کی گئی تاکہ ضرب کی شدت کا درست اندازہ لگایا جا سکے۔

ہسپتال میں ہونے والے سی ٹی اسکین سے ثابت ہوا کہ کنپٹی سے جڑی کھوپڑی کی ایک ہڈی میں فریکچر ہوگیا ہے۔ پاکستان کے ٹیم مینیجر معین خان کہتے ہیں کہ معمولی سے فریکچر کی تصدیق کے بعد انہیں 48 گھنٹے تک مشاہدے میں رکھا جائے گا۔ اگر تکلیف کی شدت میں کمی نہیں ہوئی تو معالج ہڈی پر دباؤ کو کم کرنے کا عمل اختیار کرسکتے ہیں۔

احمد شہزاد کی 176 رنز کی اننگز میں ایک چھکا اور 17 چوکے شامل تھے، اور وہ پاکستان کی 566 رنز کی اننگز میں سب سے بہترین بلے باز رہے۔ ویسے بھی وہ اس وقت بہترین فارم میں ہیں۔ آسٹریلیا کے خلاف حالیہ سیریز میں انہوں نے 183 رنز بنائے تھے، جس میں دبئی میں کھیلی گئی 131 رنز کی شاندار اننگز بھی شامل تھی۔


Ahmed Shehzad takes a hit by etribune