بس تھوڑی سی محنت اور، کیونکہ پہلا نمبر دور نہیں
اگلے سال مارچ و اپریل میں بھارت کی سرزمین پر ٹی ٹوئنٹی کی عالمی چیمپئن شپ منعقد ہوگی، جس کے لیے پاکستان سمیت تمام ہی ٹیمیں اس وقت بھرپور تیاریوں میں مصروف ہیں۔ جب آپ جان لڑا رہے ہوں، اور آپ کو اپنی کارکردگی کے حوالے سے ایک اچھی خبر ملے تو جذبہ اور بھی بڑھ جاتا ہے۔ پاکستان کو بھی ایسی ہی حوصلہ افزاء خبر ملی ہے۔ بین الاقوامی کرکٹ کونسل کی عالمی ٹی ٹوئنٹی درجہ بندی میں پاکستان دوسرے نمبر پر آ گیا ہے۔
آئی سی سی کے جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق تازہ ترین تبدیلی انگلستان و آسٹریلیا کے واحد ٹی ٹوئنٹی کے نتیجے میں آئی ہے، جس میں سنسنی خیز مقابلے کے بعد آسٹریلیا کو شکست ہوئی۔ یہی وجہ ہے کہ وہ دوسرے نمبر سے تنزلی پاتے ہوئے تیسرے مقام پر آ گیا ہے جہاں موجود پاکستان اب 120 پوائنٹس کے ساتھ دوسری پوزیشن پر پہنچ گیا ہے۔موجودہ عالمی چیمپئن سری لنکا 126 پوائنٹس کے ساتھ پہلے نمبر پر براجمان ہے۔
ٹی ٹوئنٹی میں بلے بازوں کی بات کی جائے تو بھارت کے ویراٹ کوہلی 897 پوائنٹس کے ساتھ پہلے، آسٹریلیا کے کپتان آرون فنچ دوسرے جبکہ انگلستان کے ایلس ہیلز تیسرے نمبر پر ہیں۔ بدقسمتی سے ابتدائی 10 بلے بازوں میں پاکستان کا کوئی کھلاڑی شامل نہیں۔ احمد شہزاد تیرہویں اور عمر اکمل اٹھارہویں نمبر پر موجود ہیں۔
گیندبازوں میں ابتدائی دونوں مقامات پر ویسٹ انڈیز کا راج ہے۔ 782 پوائنٹس کے ساتھ سیموئیل بدری پہلے نمبر پر جبکہ 760 پوائنٹس رکھنے والے سنیل نرائن دوسرے نمبر پر موجود ہیں۔ تیسرے نمبر پر سری لنکا کے سچیتھرا سینانائیکے ہیں۔ 10 سرفہرست گیندبازوں میں پاکستان کے واحد کھلاڑی کپتان شاہد آفریدی ہیں۔