’ریٹائرمنٹ کے بارے میں ابھی فیصلہ نہیں کیا‘

0 1,016

قومی ٹیم کے ٹیسٹ کپتان مصباح الحق نے واضح طور پر کہا ہے کہ کرکٹ سے علیحدگی کا ابھی کوئی فیصلہ نہیں کیا اور نہ اِس حوالے سے حتمی وقت بتاسکتا ہوں مگر انگلینڈ کے خلاف سیریز کے بعد اپنے کیرئیر کے حوالے سے سوچوں گا ضرور۔

اکتالیس سالہ مصباح جو 58 ٹیسٹ اور 162 ایک روزہ میچوں میں قومی ٹیم کی نمائندگی کرچکے ہیں اور 2010 سے قومی ٹیم کے کپتان ہے، نے پہلے کہا تھا کہ دسمبر میں بھارت کے خلاف سیریز کے بعد کرکٹ کو خیرباد کہہ دیں گے مگر چونکہ اب وہ سیریز کھٹائی میں پڑگئی ہے تو موقف میں کچھ تبدیلی آگئی ہے۔

’’ابھی میرا کرکٹ کو خیرباد کہنے کا کوئی ارادہ نہیں ہے، ہاں لیکن انگلینڈ کے خلاف سیریز کے بعد کیرئیر کے حوالے سے فیصلے کروں گا‘‘

مصباح نے کہا کہ قومی ٹیم کی قیادت اُن کے لیے کسی چیلنچ سے کم نہیں تھا مگر 2009 سے ملک میں کرکٹ پر پابندی کے باوجود ٹیم نے اچھا پرفارم کیا ہے ۔

مصباح الحق کا یہ بھی کہنا تھا کہ اگرچہ متحدہ عرب امارات کی وکٹوں سے قومی ٹیم ہم آہنگ ہے مگر اِس کے باوجود انگلینڈ کے خلاف سیریز یقینی طور پر مشکل سیریز ہوگی ۔

واضح رہے کہ 2012 میں جب انہیں میدانوں میں دونوں ٹیموں مدمقابل آئیں تھی تو پاکستان نے انگلینڈ کو سعید اجمل اور عبدالرحمن کی شاندار گیند بازی کی بدولت ٹیسٹ سیریز میں 0-3 سے شکست دی تھی۔ مگر اب معاملہ یہ ہے کہ اِس بار قومی ٹیم کو نہ سعید اجمل کی خدمات حاصل ہونگی اور نہ عبدالرحمن کی۔