ایڈیلیڈ کا میدان تاریخی مقابلے کے لیے تیار؟

0 1,015

انتظار کی طویل گھڑیاں ختم ہونے کو ہیں اور اب ان تاریخی لمحات میں محض تین دن باقی رہ گئے ہیں جب ٹیسٹ کرکٹ پہلی بار مصنوعی روشنی میں کھیلی جائے گی۔ جمعہ کوایڈیلیڈ کے میدان میں آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کے اس مقابلے سے پہلے انتظامیہ کو چند مسائل درپیش ہیں لیکن انہیں امید ہے کہ میچ سے پہلے پہلے سب پر قابو پا لیا جائے گا۔

معاملہ کچھ یوں ہے کہ ایڈیلیڈ اوول میں ہفتے کی شب آسٹریلیا کے مشہور ہارڈ روک بینڈ اے سی/ڈی سی(AC/DC) کا کنسرٹ منعقد ہوا تھا جس سے محظوظ ہونے کے لیے لگ بھگ 53 ہزار افراد نے میدان کا رخ کیا۔ جس جگہ اسٹیج قائم کیا گیا تھا وہاں 800 مربع میٹر کے حصے کو کافی نقصان پہنچا ہے جسے اب تبدیل کیا جا رہا ہے۔

اسٹیڈیم کی انتظامیہ کے مینیجر ڈیرن کینڈلر نے کہا ہے کہ کنسرٹ ختم ہونے کے بعد سے ہی عملہ میدان کو اس کی اصل حالت میں لانے میں جتا ہوا ہے اور وہ پرامید ہیں کہ تاریخی مقابلے کے لیے تیاریاں بھی تاریخی ہوں گی۔

کینڈلر کا کہنا تھا کہ چیف کیوریٹر ڈیمین ہوگ میچ کو دلچسپ بنانے کے لیے بہترین وکٹ کی تیار کر رہے ہیں اور توقع ہے کہ ایک ایسی وکٹ بنے گی جس میں بلے بازوں کے ساتھ ساتھ گیندبازوں کو بھی مدد حاصل رہے گی۔ انہوں نے مزید بتایا کہ جس مقام پر اسٹیج قائم کیا گیا تھا وہاں سے خراب ہونے والی گھاس ہٹا کر دوسری گھاس لگانے کی تیاریاں کی جا رہی ہیں اور یہ کام باآسانی ہو جائے گا کیونکہ ہر ایونٹ کے بعد یہ معمول کا حصہ ہوتا ہے۔ وکٹ کو پہنچنے والے نقصان کے حوالے سے دریافت کرنے پر کینڈلر کا کہنا تھا کہ وکٹ کو کوئی نقصان نہیں پہنچا کیونکہ کنسرٹ سے قبل ہی اسے مخصوص طریقے کے ذریعے محفوظ بنا لیا گیا تھا۔

ایڈیلیڈ اوول انتظامیہ کا کہنا ہے کہ اگر کوئی یہ سمجھتا ہے کہ شاید میدان اہم ترین مقابلے کا مزا کرکرا کردے گا تو اس کی غلط فہمی دور ہوجائے گی۔ یہاں کھلاڑیوں کی حفاظت اور ان کی سہولت کے لیے کسر نہیں اٹھا رکھی جائے گی۔