بین الاقوامی کرکٹ سے ریٹائر نہیں ہوں گا؛ کولنگ ووڈ

1 1,053

انگلستان کے سینئر آل راؤنڈر پال کولنگ ووڈ نے کہا ہے کہ وہ بین الاقوامی کرکٹ سے ریٹائر نہیں ہوں گے۔ کولنگ ووڈ جن کی زیر قیادت انگلستان نے 2010ء میں ویسٹ انڈیز میں کھیلا گیا عالمی ٹی ٹوئنٹی کپ جیتا تھا، حال ہی میں انگلستان کے ٹی ٹوئنٹی دستے کی قیادت سے محروم کیے گئے اور ان کی جگہ نوجوان گیند باز اسٹورٹ براڈ کو ٹی ٹوئنٹی کی کپتانی سونپی گئی ہے۔

پال کولنگ ووڈ محدود اوورز کی کرکٹ میں انگلستان کی نمائندگی کرتے رہنا چاہتے ہیں

کولنگ ووڈ نے آسٹریلیا کے خلاف ایشیز میں یادگار فتح کے بعد ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا تھا تاہم وہ محدود اوورز کی کرکٹ میں وہ انگلستان کی بدستور نمائندگی کے خواہاں ہیں۔

کولنگ ووڈ کی جگہ اسٹورٹ براڈ کو ٹی ٹوئنٹی دستے کا کپتان مقرر کیے جانے کا فیصلہ ماہرین کی کڑی تنقید کا نشانہ تو بنا ہے لیکن خود کولنگ ووڈ بھی اس فیصلے پر انگشت بدنداں تھے کیونکہ براڈ اس سے قبل سینئر سطح پر قیادت کا کوئی تجربہ نہیں رکھتے ہیں۔

گھٹنے کی انجری سے صحت یابی پانے والے کولنگ ووڈ نے کہا کہ وہ انگلستان کی نمائندگی کرنا چاہتے ہیں اور بڑھتی ہوئی عمر کے باعث لوگوں کی اٹھنے والی نظروں کا جواب دینا کے بھی خواہاں ہیں۔