تلکارتنے دلشان کے 10 دلچسپ ریکارڈز
سری لنکا کے ایک بہترین آل راؤنڈر تلکارتنے دلشان ایک روزہ کرکٹ کو الوداع کہہ چکے ہیں۔ آسٹریلیا کے خلاف سیریز کا تیسرا ایک روزہ مقابلہ ان کا آخری میچ تھا۔ مقابلہ بھی خوب ہوا اور تماشائیوں کی بڑی تعداد نے اپنے پسندیدہ کرکٹر کو خراجِ تحسین پیش کرنے کے لیے میدان کا رخ کرکے سماں باندھ دیا۔
ذیل میں وہ تلکارتنے دلشان کے وہ 10 دلچسپ ریکارڈز ہیں جن کے باعث کرکٹ تاریخ میں ان کا نام زندہ رہے گا۔
1. دلشان پہلے سری لنکن کھلاڑی ہیں جنھوں نے ٹیسٹ، ایک روزہ، اور ٹی20، تینوں طرز کی کرکٹ میں سنچری بنانے کا اعزاز حاصل کیا۔ ان کے ملک سے یہ اعزاز ان کے علاوہ مہیلا جے وردھنے کے پاس بھی ہے۔
2. انگلستان کے خلاف 253 گیندوں پر 193 رنز کی شاندار اننگز کھیل کر، دلشان لارڈز کے میدان پر ٹیسٹ اننگز میں سب سے زیادہ اسکور کرنے والے سری لنکن بلے باز بن گئے۔
3. عالمی کپ 2015ء میں جب دلشان نے بنگلا دیش کے خلاف اپنے کیریئر کی سب سے بہترین اننگز (ناقابلِ شکست 161 رنز) کھیلی تو وہ بغیر چھکا لگائے سب سے زیادہ انفرادی اسکور کرنے والے کھلاڑی بن گئے۔ انھوں نے 146 گیندوں کی اس اننگز میں 22 چوکے لگائے تھے۔
4. دلشان دنیا کے پانچویں اور سری لنکا کے دوسرے کھلاڑی ہیں (پہلے اروندا ڈی سلوا) جنھوں نے ایک سال میں تمام طرز کی بین الاقوامی کرکٹ میں 10 سنچریاں بنائیں۔ انھوں نے یہ ریکارڈ 2009ء میں بنایا تھا؛ اس سال انھوں نے مجموعی طور پر 2568 رنز بنائے تھے، جو آٹھواں سب سے زیادہ مجموعہ ہے۔
5. 2015ء میں نیوزی لینڈ کے خلاف دو سنچریوں اور ایک نصف سنچری کی مدد سے 397 رنز بنانے کے بعد، دلشان نے غیر ملکی سرزمین پر ایک روزہ سیریز میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے ایشیائی کھلاڑی ہونے کا اعزاز اپنے نام کیا۔
6. سنتھ جے سوریا کی طرح، دلشان بھی ایک ایسے سری لنکن بلے باز ہیں جنھوں نے ایک روزہ میچوں میں تین یا تین سے زائد بار 150 رنز سے بڑی اننگز کھیلی۔
7. انھوں نے ایک روزہ کرکٹ میں اپنے دس ہزار رنز میں سے 4632 رنز 35 سال کی عمر کے بعد بنائے، یہ 30 سال کی عمر کے بعد کسی بھی بلے باز کی جانب سے سب سے زیادہ رنز ہیں۔ اس سے پہلے سنتھ جے سوریا کے پاس 4142 رنز بنانے کا اعزاز تھا۔
8. دلشان نے گزشتہ سال ایک روزہ کرکٹ میں 1207 رنز بنائے، جو کسی بھی سری لنکن اوپنر کے ایک کیلنڈر سال میں سب سے زیادہ رنز ہیں۔ یہ ریکارڈ بھی انھوں نے اپنے سینئر سنتھ جے سوریا سے چھینا، جنھوں نے 2001ء میں 1202 رنز بنائے تھے۔
9. وہ دو عالمی مقابلوں، 2009ء ورلڈ ٹی ٹوئنٹی اور 2011ء کے عالمی کپ میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے کھلاڑی بھی رہے ہیں۔ ان دونوں ہی مقابلوں میں سری لنکا دوسری پوزیشن پر رہا۔
10. 78 ٹی ٹوئنٹی مقابلوں میں 1884 رنز بنانے والے دلشان ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے دوسرے کھلاڑی ہیں (سر فہرست نیوزی لینڈ کے برینڈن میک کولم ہیں)۔ لیکن ساتھ ہی ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں 10 بار صفر پر آؤٹ ہونے کی ہزیمت حاصل کرنے والے دلشان اس زمرے میں سرفہرست بھی ہیں۔