بھارت کا 500 واں ٹیسٹ، سابق کپتانوں کے اعزاز میں خصوصی تقریب ہوگی

0 1,019

کسی بھی کھیل اپنے ملک کی نمائندگی بذات خود بہت بڑا اعزاز ہے لیکن اگر نمائندہ دستے کی قیادت بھی نصیب ہوجائے تو یقیناً اس فخر کا متبادل کچھ اور نہیں ہو سکتا۔ ایسے قابل فخر کرداروں کو خراج تحسین پیش کرنے کا سب سے بہترین طریقہ یہی ہے کہ اہم مواقع پر انہیں یاد رکھا جائے تاکہ نئی نسل ان عظیم شخصیات کے اصل مقام کو جان سکے۔

بھارت بھی ایک اہم سنگ میل عبور کرنے والا ہے۔ 22 ستمبر کو کانپور میں نیوزی لینڈ کے خلاف طے شدہ پہلا ٹیسٹ اس کا 500 واں مقابلہ ہوگا جسے بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) نے یادگار بنانے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس تاریخی موقع پر ٹیسٹ کے تمام سابق کپتانوں کے اعزاز میں ایک پروقار تقریب منعقد کی جائے گی اور انہیں یادگاری سکے بھی پیش کیے جائیں گے، جن پر 500 کا ہندسہ کندہ ہوگا۔

کانپور کے تاریخی میدان گرین پارک میں منعقدہ اس تقریب میں سابق کپتان نری کانٹریکٹر، چندو بوردے، سنیل گاوسکر، کپل دیو، دلیپ وینگسارکر، روی شاستری، کرشنماچاری شری کانت، سچن تنڈولکر، سارو گانگلی، وریندر سہواگ، راہول ڈریوڈ اور موجودہ قومی کوچ انیل کمبلے نے شرکت کی تصدیق کر دی ہے تاہم 2000ء میں میچ فکسنگ میں تاعمر پابندی کا شکار بننے والے اظہر الدین کی شرکت واضح نہیں۔

بھارت ٹیسٹ درجہ حاصل کرنے والا چھٹا ملک تھا، جس نے 1932ء میں لارڈز کے تاریخی میدان میں انگلستان کے خلاف پہلا ٹیسٹ سی کے نائیڈو کی قیادت میں کھیلا تھا جبکہ موجودہ ٹیسٹ کپتان ویرات کوہلی 32 ویں کپتان ہیں۔ اب بھارت کا شمار 500 سے زیادہ میچ کھیلنے والی عظیم ٹیموں انگلستان، آسٹریلیا اور ویسٹ انڈیز کے ساتھ ہو گا جنہوں نے بالترتیب 976، 791 اور 517 ٹیسٹ میچز کھیل رکھے ہیں۔

بی سی سی آئی کے سینئر اہلکار اور اترپردیش کرکٹ اکیڈمی کے سربراہ راجیو شکلا نے تقریب کے بہترین انعقاد کا عزم ظاہر کیا اور بتایا کہ بی سی سی آئی اور یو پی سی اے مل کر سابق کپتانوں کے اعزاز میں عشائیہ دیں گے، جس میں بھارت اور نیوزی لینڈ کی موجودہ ٹیمیں بھی شرکت کریں گی۔ شکلا کا مزید کہنا تھا کہ اس تاریخی مقابلے کو دیکھنے کے لیے ذہنی و جسمانی بچوں کے لیے بھی خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں جو ہر روزہ تقریباً 2000 کی تعداد میں شریک ہوں گے۔ ان بچوں کے لیے خصوصی ٹی شرٹس بھی تیار کی گئی ہیں۔

indian-cricket-fans