فیصل بینک سپر 8 ٹی ٹوئنٹی: ریمز نے ٹائیگرز کو پچھاڑ دیا؛ سیمی فائنل میں پہنچ گئے

1 1,078

راولپنڈی ریمز نے ملتان ٹائیگرز کو 7 وکٹس سے شکست دے کر سیمی فائنل تک رسائی حاصل کرلی ہے. گزشتہ مقابلے میں فیصل آباد وولفز کو شکست دینے والی ریمز کی ٹیم نے شاندار کارکردگی کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے ٹائیگرز کو مکمل طور پر آؤٹ کلاس کردیا.

ریمز کے کپتان سہیل تنویر نے خوبصورت گیند پر ٹائیگر بلے باز ذیشان اشرف کو بولڈ کر کے ملتان کی بساط لپیٹ دی (پی سی بی)

ملتان ٹائیگرز نے ٹاس جیت کر پہلے بلے بازی کرنے کا فیصلہ کیا. یاسر عرفات (27) اور زین عباس (21) نے اننگ کی شروعات کی اور اسکور کو 51 رنز تک پہنچایا. پہلی وکٹ گرنے کی دیر تھی کہ مزید دو ٹائیگر کھلاڑی محض 3 رنز اضافے کے بعد پویلین لوٹ گئے. یکے بعد دیگرے تین کھلاڑی کی جلد پویلین واپسی سے ٹائیگرز کی بنیادیں ہل گئیں. اس موقع پر نوید یاسین (22) اور زیشان اشرف (22) نے سنبھل کر بلے بازی کرتے ہوئے اسکور کو آگے بڑھانا شروع کیا اور 48 رنز کی شراکت داری قائم کی لیکن ریمز کے گیند باز رضا حسن نے اپنے دو مسلسل اوورز میں نوید اور یاسین کو میدان بدر کردیا. رضا حسن نے اسی پر بس نہیں کیا بلکہ مزید دو کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھاتے ہوئے ٹائیگرز کا پیچھے دکھیل دیا. باقی کا کام ریمز کپتان سہیل تنویر نے تمام کرتے ہوئے باقی ماندہ کھلاڑیوں کو ٹھکانے لگا کر ٹائیگرز کو 128 رنز تک ہی محدود کردیا.

ہدف کا تعاقب کرنے ریمز میدان میں آئے تو ان کا آغاز بھی قابل ستائش نہ تھا. 32 کے مجموعی اسکور پر اویس ضیاء (18) اور 34 کے اسکور پر نوید ملک (11) کی واپسی پر ریمز کے لیے مشکلات شروع ہوئی. اس موقع پر عمر امین (13) نے اسکور کو کچھ آگے بڑھایا جسے بعد ازاں جمال انور اور سہیل تنویر نے تیز رفتار مگر سنبھل کر بلے بازی کرتے ہوئے 39، 39 رنز بنا کر آگے بڑھایا اور بالآخر ایک فلک بوس چھکا رسید کر کے ٹیم کو فتح سے ہمکنار کیا.

راولپنڈی ریمز کے رضان حسن کو 4 ٹائیگرز شکار کرنے پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا. ریمز کی ٹیم نے ڈولفنز سے شکست کے بعد زبردست کم بیک کرتے ہوئے دو مسلسل فتوحات حاصل کر کے سیمی فائنل تک رسائی حاصل کرلی ہے اور اب اس کا آئندہ مقابلہ پہلے سیمی فائنل میں 30 جون کو گروپ اے کے اول نمبر پر موجود ٹیم سے ہوگا.

ملتان ٹائیگرز بمقابلہ راولپنڈی ریمز
(28 جون 2011ء)
نتیجہ: راولپنڈی ریمز 7 وکٹ سے کامیاب
پوائنٹس: راولپنڈی ریمز: 2؛ ملتان ٹائیگرز: 0

ملتان ٹائیگرز رنز گیندیں چوکے چھکے
یاسر عرفات ک سہیل تنویر ب حماد اعظم 27 22 3 1
زین عباس ک جمال انور ب عمر امین 21 21 1 1
گلریز صدف ک سہیل تنویر ب حماد اعظم 1 3 0 0
نوید یاسین ک زاہد منصور ب رضا حسن 22 25 1 1
زیشان اشرف ک جمال انور ب رضا حسن 22 21 1 1
احمد رضا اسٹمپ جمال ب رضا حسن 8 8 0 1
تیمور احمد ک جمال انور ب رضا حسن 3 5 0 0
عبدالرؤف رن آؤٹ (جمال انور) 4 7 0 0
ذوالفقار بابر ب سہیل تنویر 1 3 0 0
محمد عرفان ب سہیل تنویر 8 3 0 1
علی معزم ناٹ آؤٹ 1 1 0 0
فاضل رنز (6 لیگ بائے، 4 وائڈز) 10
مجموعہ 19٫5 اوورز؛ تمام کھلاڑی آؤٹ 128
راولپنڈی ریمز اوورز میڈن رنز وکٹ
سہیل تنویر 3٫5 0 21 2
محمد رمیز 3 0 26 0
حماد اعظم 4 1 25 2
عمر امین 4 0 21 1
رضا حسن 4 0 21 4
سمیع اللہ 1 0 8 0
راولپنڈی ریمز رنز گیندیں چوکے چھکے
اویس ضیاء ک علی معزم ب احمد رضا 18 16 3 1
نوید ملک ک گلریز صدف ب عبدالرؤف 11 7 2 0
عمر امین ک زیشان اشرف ب ذوالفقار بابر 13 11 0 1
جمال انور ناٹ آؤٹ 39 29 5 1
سہیل تنویر ناٹ آؤٹ 39 25 5 2
فاضل رنز (12 وائڈز، 2 نوبالز) 14
مجموعہ 14٫3 اوورز؛ 3 وکٹ 134
ملتان ٹائیگرز اوورز میڈن رنز وکٹ
عبدالرؤف 3 0 31 1
محمد عرفان 3 0 29 0
احمد رضا 3٫3 0 25 1
علی معزم 2 0 26 0
ذوالفقار بابر 3 0 23 1