قیادت کی پگ ویرات کے سر

بھارتی کرکٹ بورڈ نے مہندر سنگھ دھونی کی ایک روزہ اور ٹی ٹونٹی ٹیم کی قیادت سے ازخود دستبرداری کے بعد ویرات کوہلی کو مختصر طرز کرکٹ کی کمان بھی سونپ دی ہے۔ ویسے یہ کوئی حیران کن فیصلہ نہیں کیونکہ کرکٹ سے ثانوی لگاؤ رکھنے والا بھی آسانی سے سمجھ سکتا تھا کہ دھونی کے بعد قیادت کی پگ کوہلی کے سر ہی پر رکھی جائے گی۔ کوہلی نے جس شاندار انداز میں بھارتی ٹیسٹ دستے کی قیادت کی اور ٹیم کو مسلسل فتوحات کے سفر پر گامزن کیا اس کے بعد سے وہ مضبوط ترین امیدوار بن چکے تھے۔ جب سے ٹیسٹ اسکواڈ کی قیادت کوہلی نے سنبھالی ہے ٹیم 18 میچز سے ناقابل شکست چلی آ رہی ہے۔
کپتان بننے کے بعد ویرات کا پہلا بڑا امتحان 15 جنوری سے انگلستان کے سامنے ہو گا۔ اس سیریز میں دونوں ٹیمیں تین ایک روزہ اور تین ٹی ٹونٹی میچز کھیلیں گی۔ سب سے دلچسپ بات یہ ہے کہ انگلستان کے مقابل دونوں فارمیٹ میں سابق کپتان دھونی بطور وکٹ کیپر نئے قائد ویرات کوہلی کے ساتھ کھیلیں گے۔