شاٹ کھیلتے بیٹسمین کے بلّے سے وکٹ کیپر زخمی

0 1,700

آسٹریلیا کا اہم ترین فرسٹ کلاس ٹورنامنٹ شیفیلڈ شیلڈ ماضی میں فلپ ہیوز جیسے بلے باز کی جان لے چکا ہے جو سر پر ایک باؤنسر کھانے کے بعد چل بسے تھے۔ ایسا ہی ایک خطرناک واقعہ ایک مرتبہ پھر پیش آیا ہے جس میں وکٹوریا کے وکٹ کیپر سیم ہارپر بری طرح زخمی ہوئے ہیں۔ انہیں گیند تو نہیں لگی لیکن اس سے بھی زیادہ خطرناک چیز کا نشانہ بنے ہیں یعنی حریف ٹیم کے بیٹسمین کا بلّا۔

ایڈیلیڈ اوول میں کھیلے گئے میچ کے دوران زخمی ہونے پر سیم ہارپر کو فوری طور پر ہسپتال لے جایا گیا جہاں مختلف تجزیوں کے بعد پایا گیا کہ ان کے سر میں خون نہیں رس رہا اور کسی ہڈی کو نقصان نہیں پہنچا البتہ انہیں مشاہدے میں رکھنے کے لیے بدستور ہسپتال میں ہی داخل رہنا پڑے گا۔

یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب ہفتے کے روز میچ کے دوسرے دن کھانے کے وقفے سے چند لمحے پہلے ریڈ بیکس کے بلے باز جیک لیمین نے اسپنر جان ہالینڈ کی ایک شارٹ گیند کو پچھلے قدموں پر کھیلا۔ اس عمل کے دوران بلّا ہارپر کے سر پر لگا جو اس وقت ہیلمٹ پہنے ہوئے تھے۔

20 سالہ وکٹ کیپر اسی وقت نیچے گرگئے اور کچھ دیر بعد طبی عملے کی مدد سے میدان سے باہر آ گئے۔

یہ رواں سال دوسرا موقع ہے کہ کوئی وکٹ کیپر بیٹسمین کے بلّے کا نشانہ بنا ہو۔ اس سے پہلے بگ بیش لیگ کے دوران میلبرن رینی گیڈز کے پیٹر نیول بھی ایک اڑتے بلّے کی زد میں آ گئے تھے۔

اب ہارپر یہ میچ مزید نہیں کھیل سکیں گے اور کیونکہ متبادل کھلاڑی کی اجازت نہیں اس لیے باقی میچ میں سیب گوچ ان کی جگہ محض فیلڈنگ کی خدمات انجام دیں گے۔

Sam-Harper2