ہیراتھ سب سے آگے

0 1,245

سری لنکا کے رنگانا ہیراتھ کی نظریں اب 400 وکٹوں پر ہیں، ایک ایسا سنگ میل جو بائیں ہاتھ سے اسپن باؤلنگ کرنے والے کسی باؤلر نے عبور نہیں کیا لیکن اس سے قبل انہوں نے ایک منزل ضرور حاصل کرلی ہے۔ بنگلہ دیش کے خلاف گال ٹیسٹ میں جب ہیراتھ نے لٹن داس کو آؤٹ کیا تو وہ نیوزی لینڈ کے ڈینیل ویٹوری کو پیچھے چھوڑتے ہوئے سب سے زیادہ وکٹیں لینے والے لیفٹ آرم اسپنر بن گئے۔یہی نہیں بلکہ اننگز میں 59 رنز دے کر 6 وکٹیں حاصل کرکے وہ سب سے زیادہ وکٹیں لینے والے باؤلرز میں پاکستان کے عظیم عمران خان کو پچھاڑ گئے ہیں۔ 365 وکٹوں کے ساتھ اب ہیراتھ سب سے زیادہ شکار کرنے والے باؤلرز میں 19 ویں نمبر پر ہیں اور مرلی دھرن کے بعد سب سے زیادہ وکٹیں لینے والے سری لنکن بھی۔

اگر صرف بائیں ہاتھ سے باؤلنگ کرنے والوں کی بات کی جائے تو ہیراتھ سے آگے صرف وسیم اکرم ہی ہیں جنہوں نے ٹیسٹ کیریئر میں 414 بلے بازوں کو آؤٹ کیا۔

ہیراتھ نے اپنے ٹیسٹ کیریئر کا آغاز 1999ء میں کیا تھا اور اب 39 سال کی عمر تک وہ 79 ٹیسٹ میچز کھیل چکے ہیں۔ اپنے کیریئر کا بیشتر حصہ مرلی دھرن کے سائے تلے دبے رہنے کے بعد ہیراتھ تب ابھرے جب مرلی نے کرکٹ چھوڑی۔ پاکستانی کرکٹ شائقین ہیراتھ کو کبھی نہيں بھلا سکتے خاص طور پر 2015ء میں ہونے والے ٹیسٹ کو جس میں ہیراتھ نے صرف 127 رنز دے کر پاکستان کی 9 وکٹیں حاصل کی تھیں اور سری لنکا نے تاریخی کامیابی حاصل کی۔ ان کا کہنا ہے کہ وہ سیریز کے حساب سے کھیل رہے ہیں اور اپنے مستقبل کا تعین کسی بھی سیریز میں کر سکتے ہیں۔

Rangana-Herath2