آج "خاموش موت" کا دن

0 2,494

ایک زمانہ تھا جب ویسٹ انڈیز کو 'کالی آندھی' کہا جاتا تھا اور اس کی وجہ تھی ان کا وہ باؤلنگ اٹیک جو 'Fearsome Foursome' کہلاتا تھا۔ اس میں شامل تھے کولن کرافٹ، اینڈری رابرٹس، جوئیل گارنر اور 1954ء میں آج کے دن پیدا ہونے والے مائیکل ہولڈنگ۔ ہو سکتا ہے آپ انہیں جانتے ہوں کیونکہ ہولڈنگ مشہور کمنٹیٹر ہیں لیکن شاید نوجوان کرکٹ فینز کو یہ معلوم نہ ہو کہ ہولڈنگ کی اصل وجہ شہرت ان کی طوفانی باؤلنگ تھی۔

ہولڈنگ کا باؤلنگ ایکشن اتنا رواں اور ہموار ہوتا تھا کہ مشہور امپائر ڈکی برڈ نے ان کے بارے میں کہا تھا کہ دوڑتے ہوئے ہولڈنگ اتنی تیزی اور خاموشی سے برابر سے گزر جاتے تھے کہ انہیں سرگوشی کا سا گمان ہوتا تھا، اور اس کے بعد جو بیٹسمین کے ساتھ ہوتا تھا وہ ہوتی تھی "سرگوشی کرتی موت"، ان کے الفاظ میں "Whispering Death"!

مائیکل ہولڈنگ کی سب سے خاص بات تھی بیرون ملک کارکردگی۔ انہوں نے اپنے پورے کیریئر میں 13 مرتبہ اننگز میں پانچ یا زیادہ وکٹیں لینے کا کارنامہ انجام دیا اور 11 بار یہ حریف کے خلاف اسی کے ملک میں ایسا کر دکھایا۔ ان میں سے دو لمحات ایسے ہیں جنہیں دیکھنے والے ہمیشہ یاد رکھیں گے اور اگر نہیں دیکھا تو یوٹیوب پر ضرور دیکھیں۔ ایک 1976ء کا اوول ٹیسٹ اور دوسرا 1981ء کا برج ٹاؤن ٹیسٹ۔ دونوں مقابلوں میں ویسٹ انڈیز کا حریف انگلینڈ تھا۔

اوول 1974ء میں مائیکل ہولڈنگ نے 14 وکٹیں حاصل کیں اور ویسٹ انڈیز کو تین-صفر سے یادگار کامیابی دلائی۔

برج ٹاؤن ٹیسٹ 1981ء میں ہولڈنگ نے اپنے زمانے کے بہترین بیٹسمین جیفری بائیکاٹ کو تگنی کا ناچ نچایا۔ بائیکاٹ نے ان کے اوور کی ہر گیند کھیلنے کی کوشش کی اور ناکام رہے اور آخری گیند پر کلین بولڈ ہوگئے۔ یہی وجہ ہے کہ اسے "کرکٹ تاریخ کا بہترین اوور" کہا جاتا ہے۔ خود بائیکاٹ ان کے بارے میں کیا کہتے ہیں، سن لیجیے:

اس زمانے میں اسپیڈگن تو ہوتی نہیں تھیں، لیکن کہا جاتا ہے کہ ہولڈنگ تاریخ کے تیز ترین باؤلرز میں سے ایک تھے۔ خود بائیکاٹ کہتے ہیں کہ انہوں نے کبھی ہولڈنگ سے زیادہ تیز باؤلر کا سامنا نہیں کیا۔ ویسے ہولڈنگ غصے کے بھی بڑے تیز تھے۔ ذرا یہ وڈیو دیکھیں۔ آپ نے شاید ہی کبھی ایسا منظر کرکٹ میں دیکھا ہو: