پی ایس ایل 3، کپتان کیا کہتے ہیں؟

0 1,140

پاکستان سپر لیگ کے تیسرے سیزن کے لیے ٹیمیں ایک، ایک کرکے دبئی پہنچ رہی ہیں۔ جو جیتے تھے وہ کارکردگی دہرانے کا عزم لیے ہوئے ہیں اور جو شکست خوردہ رہے، اس بار بلند حوصلوں کے ساتھ تاریخ کا دھارا بدلنے کے دعوے کر رہے ہیں۔

دو مرتبہ پی ایس ایل فائنل تک پہنچنے کے باوجود شکست کھانے والے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کپتان سرفراز احمد نے دبئی پہنچتے ہی کہا ہے کہ اگر اس بار فائنل تک پہنچے تو چیمپیئن سے کم پر بات نہ ہوگی۔ ان کا کہنا ہے کہ اس بار جارحانہ کھیل اور سخت محنت کرنے کے ساتھ ساتھ انہیں ہوم گراؤنڈ یعنی کراچی کا بھی ایڈوانٹیج حاصل ہوگا۔ کپتان سرفراز کے علاوہ گلیڈی ایٹرز کے مالک ندیم عمر، کوچ معین خان، اسد شفیق، انور علی اور میر حمزہ کا تعلق کراچی سے ہی ہے شاید اسی لیے گلیڈی ایٹرز کراچی کو اپنا ہوم گراؤنڈ سمجھتے ہیں اور حقیقت بھی یہی ہے کہ اس وقت کوئٹہ کی سب سے بڑی 'فین بیس' کراچی میں ہیں۔

گزشتہ دونوں ایڈیشنز میں کوئٹہ کو بہت ہلکا لیا گیا لیکن دونوں بار اس نے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور فائنل تک پہنچا البتہ چیمپیئن بننے میں ناکام رہا۔

دوسری جانب پشاور زلمی کے ویسٹ انڈین کپتان ڈیرن سیمی بھی دبئی پہنچ گئے ہیں۔ ٹوئٹر پر خود کو 'چاکلیٹ مین' کہنے والے سیمی نے ایئرپورٹ اترتے ہی اپنی آمد کی اطلاع دی۔

پشاور زلمی اس مرتبہ اپنے اعزاز کا دفاع کرے گا اور اس کے لیے انہوں نے خوب تیاری بھی کر رکھی ہے۔ ماضی کے عظیم اسپنر اور 'دوسرا' کے موجد ثقلین مشتاق کو کوچنگ اسٹاف میں شامل کیا گیا ہے۔ یعنی محمد اکرم فاسٹ باؤلرز اور ثقلین مشتاق اسپنرز کی رہنمائی کریں گے۔

اگر پی ایس ایل کے ابتدائی دونوں ایڈیشنز میں کسی کی کارکردگی کو سب سے مایوس کن کہا جا سکتا ہے وہ لاہور قلندرز کی تھی۔ حالانکہ اسے کرس گیل اور برینڈن میک کولم جیسے ہیوی ویٹس کا ساتھ بھی حاصل رہا لیکن دونوں بار آخری نمبر پر ہی رہا۔ لیکن اس مرتبہ لاہوری تمام پرانے داغوں کو دھونے کا عزم رکھتے ہیں۔ نہ صرف میدان میں محنت بلکہ کھلاڑیوں کے روحانی سکون کا بھی اہتمام کیا گیا ہے اور یہی وجہ ہے کہ پی ایس ایل 3 کے لیے روانگی سے قبل تمام کھلاڑیوں نے لاہور میں داتا دربار پر حاضری دی اور اپنی کامیابی کے لیے دعا کی۔ داتا دربار پر حاضری دینے والوں میں قلندرز کے مالک فواد رانا، چیف ایگزیکٹو عاطف رانا، ہیڈ کوچ عاقب جاوید، نائب کپتان فخر زمان، عمر اکمل، شاہین آفریدی، بلاول بھٹی اور دیگر کھلاڑی شامل تھے۔ برینڈن میک کولم اس سال پرامید نظر آتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ بے خوف کرکٹ کھیلیں گے اور اس سال انہیں بہت ہی باصلاحیت کھلاڑیوں کا ساتھ حاصل ہے۔ "دو سال بہت مایوس کن رہے لیکن یہ وہ سال ہے جب ہم سینہ تان کر کھڑے ہوں گے اور اپنی صلاحیتوں اور مہارتوں کا حقیقی مظاہرہ کرنے میں کامیاب ہو جائیں گے۔"

پاکستان سپر لیگ کا پہلا مقابلہ 22 فروری بروز جمعرات دفاعی چیمپیئن پشاور زلمی اور نوآموز ملتان سلطانز کے مابین کھیلا جائے گا۔