رمیش رتنائیکے سری لنکا کے عبوری کوچ مقرر
سابق تیز گیند باز رمیش رتنائیکے کو آسٹریلیا کے خلاف ہوم سیریز کے لیے سری لنکا کا عبوری کوچ مقرر کیا گیا ہے۔ آسٹریلیا اور سری لنکا کے درمیان سیریز کا آغاز اگلے ماہ ہو رہا ہے۔
سری لنکا کرکٹ کی عبوری کمیٹی کے چیئرمین اُپالی دھرماسینا نے کہا ہے کہ "نئے کوچ کے لیے وقت نہ بچنے کے باعث آسٹریلیا کے خلاف سیریز کے لیے عبوری طور پر رمیش رتنائیکے کو کوچ مقرر کیا گیا ہے۔" اس اعلان سے واضح ہے کہ رتنائیکے کو صرف آسٹریلیا کے دورۂ سری لنکا کے لیے ذمہ داری دی گئی ہے۔
دھرماسینا نے کہا کہ سری لنکا کے نئے قومی کوچ کی تلاش اگلے تین ماہ کے دوران کی جائے گی۔ ہم نے آئی سی سی اور ایس ایل سی کی ویب سائٹ اور قومی اخبارات میں نئے امیدواروں سے درخواستیں طلب کرنے کے اشتہارات دیے ہیں۔
سری لنکا کے کوچ سابق آسٹریلوی بلے باز اسٹورٹ لا نے دورۂ انگلستان کے بعد اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا ہے۔ انہیں بھی عالمی کپ کے بعد عبوری طور پر ذمہ داری سونپی گئی تھی کیونکہ سری لنکن کوچ ٹریور بیلس نے عالمی کپ کے بعد عہدہ چھوڑ دیا تھا۔
47 سالہ رتنائیکے نے 23 ٹیسٹ اور 70 ایک روزہ میچز میں سری لنکا کی نمائندگی کی اور اس وقت ایشین کرکٹ کونسل میں ڈیولپمنٹ آفیسر کے عہدے پر تعینات ہیں۔ انہیں اس سیریز کے لیے خصوصی طور پر ایشین کرکٹ کونسل کی جانب سے اجازت دی گئی ہے۔
رتنائیکے نے 2007ء میں سری لنکا کے نائب کوچ کی حیثيت سے 4 سالہ معاہدہ کیا تھا لیکن اپنے ذاتی مسائل کو وجہ بنا کر اس سے دستبردار ہو گئے تھے۔
آسٹریلیا اگلے ماہ اگست سے سری لنکا ایک طویل دورہ کر رہا ہے جس کا آغاز 6 اگست کو پالی کیلے میں پہلے ٹی ٹوئنٹی مقابلے سے ہوگا جبکہ بعد ازاں ایک اور ٹی ٹوئنٹی کے علاوہ 3 ٹیسٹ اور 5 ایک روزہ میچز کھیلے جائیں گے۔