انگلستان بھارت کو 1-0 سے ہرا دے گا؛ شین وارن کی پیش گوئی

1 1,015

آسٹریلیا کے سابق اسپن گیند باز شین وارن نے پیش گوئی کی ہے کہ بھارت کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں انگلستان فتحیاب ہوگا۔

شین وارن اور مائیکل وان متفق ہیں کہ آئندہ سیریز انگلستان کے نام ہوگی اور پیٹرسن کا کردار اہم ہوگا

برطانیہ کے روزنامہ ٹیلی گراف سے گفتگو کرتے ہوئے لیجنڈ کھلاڑی کا کہنا تھا کہ اینڈریو اسٹراس الیون عالمی نمبر ایک حریف کو 1-0 کے مارجن سے زیر کرنے میں کامیاب ہو جائے گی۔

شین وارن نے کہا کہ انگلستان بحیثیت مجموعی ایک متوازن سائیڈ ہے، وہ زبردست ٹاپ آرڈر کی حامل ہے۔ اگر این بیل فارم میں ہوں، اور ایلسٹر کک، جوناتھن ٹراٹ، کیون پیٹرسن اور پھر ایون مورگن جیسے کھلاڑی شامل ہوں تو میرے خیال میں یہ بہترین ٹاپ آرڈر بنتا ہے۔ پھر آپ گیند بازی میں دیکھیں، دراز قد کرس ٹریملٹ اپنی طوالت اور بھرپور باؤنس کے ذریعے، جیمز اینڈرسن اپنی گیند کو سوئنگ کرنے کی صلاحیت اور گریم سوان دنیائے کرکٹ کے بہترین اسپنر کی حیثیت سے اس ٹیم کو متوازن ترین ٹیم بناتے ہیں۔ انگلستان کو صرف اور صرف تیسرے سیمر کے کردار میں درست ترین کھلاڑی کو شامل کرنا ہے، اور اس کے بعد ٹیم میں کوئی کمزور کڑی نہیں رہے گی۔ تاہم اس کے باوجود شین وارن کا کہنا ہے کہ بھارت کو زیر کرنے کے لیے انگلستان کو خوب جان لڑانی پڑے گی اور بھرپور محنت کرتے ہوئے ہر میچ جیتنے کی کوشش کرنا ہوگی تب بھی وہ بھارت کو بمشکل ہی زیر کرپائے گا اور اس کی فتح کا مارجن صرف 1-0 ہوگا۔

شین وارن نے کہا کہ اگر کیون پیٹرسن اپنی فارم حاصل کرنے میں کامیاب ہو گئے تو کوئی وجہ نہیں کہ انگلستان عالمی درجہ بندی میں اول پوزیشن حاصل کر لے۔

انگلستان کے سابق کپتان مائیکل وان نے بھی کہا کہ کیون پیٹرسن کو سیریز میں اہم ترین کردار ادا کرنا ہوگا۔ گو کہ ان کی فارم بہت بڑا مسئلہ نہیں ہے لیکن میرے خیال میں بھارت کے خلاف اتنی بڑی سیریز میں وہ کارکردگی پیش کریں گے۔ وان نے بھارت کا آسٹریلیا سے تقابل کرتے ہوئے کہا کہ سابق عالمی چیمپئن آسٹریلیا کی طرح بھارت بھی سچن ٹنڈولکر جیسے عظیم کھلاڑیوں کے ریٹائر ہونے کے بعد عبوری دور سے گزرے گا۔ وان نے یہ تک کہہ ڈالا کہ بھارت ایک اچھی ٹیم ہے لیکن ایک سال کے اندر آپ انگلستان کو اس مقام پر دیکھیں گے۔

انہوں نے کہا کہ انگلستان کے پاس عالمی نمبر ایک پوزیشن ہتھیانے اور پھر اس پر قبضہ جما کر رکھنے کا یہ پہلا موقع ہے۔

بھارت اور انگلستان کے مابین سیریز کو عالمی کپ کے بعد رواں سال کا سب سے شاندار کرکٹ مقابلہ سمجھا جا رہا ہے۔ سیریز کا آغاز 21 جولائی کو لارڈز کے تاریخی میدان میں ٹیسٹ میچ سے ہو رہا ہے جو ٹیسٹ کرکٹ کی تاریخ کا 2 ہزار واں ٹیسٹ میچ ہوگا۔

یاد رہے کہ عالمی کپ 2011ء کے دوران انگلستان و بھارت کے معرکے سے قبل شین وارن نے پیش گوئی کی تھی کہ یہ مقابلہ ٹائی ہوگا اور ان کی پیش گوئی کے عین مطابق انتہائی سنسنی خیز مقابلے کے بعد یہ مقابلہ برابری کی سطح پر ختم ہوا اور عالمی کپ کے یادگار ترین مقابلوں میں شامل ہو گیا۔