پی ایس ایل فائنل، ٹکٹ کتنے کا ہوگا؟

0 1,043

پاکستان سپر لیگ کے تیسرے ایڈیشن کا فائنل کراچی میں کھیلا جائے گا۔ شہر کے نیشنل اسٹیڈیم کی تزئین و آرائش اور مرمت کا کام تیزی بالکل آخری مرحلے میں ہے۔ ساتھ ہی کراچی کے عوام کا جوش و جذبہ بھی دیدنی ہے۔ آخر کیوں نہ ہو؟ یہ 2009ء کے بعد شہر میں ہونے والا پہلا قابل ذکر کرکٹ مقابلہ ہوگا اور یہ بات تو یقینی ہے کہ اس روز نیشنل اسٹیڈیم میں تل دھرنے کی جگہ نہ ہوگی۔

فائنل کے لیے ٹکٹوں کی قیمتیں بھی طے ہو چکی ہیں جو ایک ہزار سے 12 ہزار روپے کے درمیان ہیں اور 15 مارچ سے عوام کے لیے دستیاب ہوں گے۔

ٹکٹوں کی قیمت کا تعیّن نیشنل اسٹیڈیم، کراچی کے 16 انکلوژرز کو 4 کیٹیگریز میں تقسیم کر کے کیا گیا ہے۔ جنرل انکلوژرز میں انتخاب عالم ، نسیم الغنی، اقبال قاسم، محمد برادرز اور وسیم باری انکلوژرز شامل ہیں جن کے ٹکٹ کی قیمت ایک ہزار روپے ہو گی۔

فرسٹ کلاس انکلوژرز میں ماجد خان، وقار حسن اور آصف اقبال انکلوژرزشامل ہیں اور ان کے ایک ٹکٹ کی قیمت 4000 روپے ہیں۔

پریمیئم انکلوزژر ظہیر عباس، عمران خان، وسیم اکرم، قائد اور اسپیشل چلڈرن کے نام پر ہیں، جن کے ٹکٹ کی قیمت 8000 روپے مقرر کی گئی ہے جبکہ وی آئی پی انکلوژرزکے ٹکٹ کی قیمت 12000 روپے ہو گی جو فضل محمود، جاوید میاندار اور حنیف محمد سے موسوم ہیں۔

یاد رہے کہ موجودہ پی ایس ایل کے 3 اہم میچز پاکستان میں منعقد ہوں گے، جن میں سے پلے آف مرحلے کے آخری دو مقابلے بھی ہوں گے جو 20 اور 21 مارچ کو لاہور قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے جائیں گے۔ ان ٹکٹوں کے متعلق جلد معلومات مہیا کر دی جائیں گی۔