کراچی عرش سے پھر فرش پر

0 1,044

پاکستان سپر لیگ کے تیسرے سیزن میں ابتدائی چاروں مقابلوں میں ناقابل شکست رہنے کے بعد کراچی مسلسل دو ناکامیاں سہہ چکا ہے اور اس مرتبہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے جو گھاؤ لگایا ہے، وہ بہت گہرا ہے۔ ٹی ٹوئنٹی جیسے چھوٹے فارمیٹ میں 67 رنز کی بھاری شکست نے جہاں کراچی کو پوائنٹس ٹیبل پر چوتھے نمبر پر پہنچا دیا ہے، وہیں نیٹ رن ریٹ کا بھی خانہ خراب کردیا ہے۔

دبئی میں ہونے والے اس مقابلے نے کراچی کی قلعی کھول کر رکھ دی ہے اور یہ بھی ثابت کیا ہے کہ آخر کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کیوں پی ایس ایل تاریخ کی کامیاب ترین ٹیم ہے۔ کراچی کنگز کے کپتان عماد وسیم نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا جو بدترین ثابت ہوا۔ ساتویں اوور میں ہی اسکور بغیر کسی وکٹ کے نقصان کے 60 رنز کو چھو رہا تھا اور اس کے بعد جو ہوا وہ کراچی کے لیے ایک بھیانک خواب تھا۔ ایک اینڈ سے شین واٹسن اور دوسرے سے کیون پیٹرسن، دونوں تجربہ کار کھلاڑیوں نے ایک بڑے اسکور کی بنیاد رکھ دی۔ واٹسن تو پی ایس ایل3 کی پہلی سنچری کے قریب پہنچنے والے تھے، بس اوورز تمام ہوگئے۔ انہوں نے صرف 58 گیندیں کھیلیں، 7 چھکے اور پانچ چوکے لگائے اور ناٹ آؤٹ 90 رنز بنائے یعنی کہ موجودہ سیزن کی سب سے بڑی اننگز۔ دوسرے اینڈ سے کیون پیٹرسن نے 34 گیندوں پر 52 رنز اسکور کیے۔ جب 20 اوورز مکمل ہوئے تو کوئٹہ صرف 4 وکٹوں پر 180 رنز بنا چکا تھا۔

یہ ہدف ویسے ہی کراچی کے بس کی بات نہ تھی، پھر ابتداء میں جو ہوا اس کے بعد تو ناممکنات میں سے ہو گیا۔ پہلے اوور میں جو ڈینلی آؤٹ ہوئے، دوسرے میں شاہد آفریدی، جنہیں اوپنر بنا کر بھیجا گیا تھا اور پھر تُو چل میں آیا!صرف 55 رنز پر آدھی ٹیم پویلین واپس آ چکی تھی۔ بابر اعظم کے 32 رنز کے بعد عماد وسیم نے35 اور محمد رضوان نے ناٹ آؤٹ 26 رنزاسکور کیے۔ کسی کی بھی اننگز ایسی نہ تھی جو 9 رنز فی اوور کے حساب سے درکار رن ریٹ کے مطابق ہوتی۔ 20 اوورز مکمل ہوئے تو اسکور 8 وکٹوں پر صرف 113 رنز پر پہنچ پایا۔

محمد نواز نے ایک مرتبہ پھر بہت عمدہ باؤلنگ کی اور حسان خان نے بھی جنہوں نے بالترتیب اپنے اوورز میں صرف 17 اور 19 رنز دیے اور ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔ راحت علی اور انور علی نے دو، دو وکٹیں لیں جبکہ ایک، ایک شکار بین لافلن اور شین واٹسن نے بھی کیا۔ واٹسن کو میچ کے بہترین کھلاڑی کا اعزاز ملا۔

اس کامیابی کے ساتھ ہی کراچی ٹیبل پر چوتھے نمبر پر چلا گیا ہے جبکہ کوئٹہ نے دوسری پوزیشن حاصل کرلی ہے۔ یہ 7 میچز میں کوئٹہ کی چوتھی کامیابی تھی یعنی ان کے پوائنٹس 8 ہیں لیکن بہتر رن ریٹ کی وجہ سے وہ اسلام آباد سے اوپر ہیں۔