عثمان خواجہ کی منگیتر نے اسلام قبول کرلیا

0 1,025

پاکستانی نژاد آسٹریلوی کرکٹر عثمان خواجہ کی شادی اگلے ماہ اپنی منگیتر ریچل میک لیلن سے ہوگی، جنہوں نے اب کیتھولک عیسائیت کو خیرباد کہہ کر باقاعدہ اسلام قبول کرلیا ہے۔

ریچل نے ایک حالیہ انٹرویو میں بتایا ہے کہ میڈیا کے ذریعے مسلمانوں کا جو تاثر پھیلایا گیا ہے، وہ بہت منفی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ جب میری اور عثمان کی محبت کی خبریں پھیلیں تو لوگوں نے مجھے بہت تنقید کا نشانہ بنایا لیکن سچی بات یہ ہے کہ عثمان سے ملنے کے بعد مسلمانوں کے حوالے سے میرے ذہن میں موجود تمام شکوک دور ہوگئے۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ میں نے شروع میں عثمان پر خاص توجہ نہیں دی تھی بلکہ نظر انداز کرتی رہی لیکن آہستہ آہستہ ہمیں محبت ہوگئی اور اب ایک مضبوط رشتے میں بندھنے جا رہے ہیں۔

22 سالہ ریچل نے کہا کہ یہ سمجھا جا رہا ہے کہ میں نے یا تو شادی کی خاطر اسلام قبول کیا ہے یا یہ کسی دباؤ کا نتیجہ ہے، لیکن حقیقت یہ ہےکہ عثمان اور ان کے گھر والوں نے مجھ پر تبدیلی مذہب کے لیے کوئی دباؤ نہیں ڈالا اور نہ شادی کے لیے یہ شرط رکھی۔ بس معاملہ صرف اتنا ہے کہ مجھے عثمان کی مذہب سے وابستگی پسند آئی ہے، وہ اسے بہت اہمیت دیتے ہیں۔ تب اسلام کا مطالعہ کرنے کا فیصلہ کیا اور پھر سوچ سمجھ کر اسلام قبول کرنے کا فیصلہ کیا۔

دوسری طرف عثمان خواجہ کا کہنا ہے کہ غیر مسلم سے شادی کرنے پر مجھے بھی سخت ردعمل کا سامنا تھا لیکن میں نے کبھی ریچل کو مجبور نہیں کیا کہ وہ اپنا مذہب تبدیل کرے۔ البتہ اس خواہش کا اظہار ضرور کیا کہ اسلام قبول کرنے کا فیصلہ تمہاری مرضی پر منحصر ہے جو تمہیں خوشی سے کرنا ہوگا، اس میں کوئی جبر نہیں۔

یاد رہے کہ عثمان خواجہ 1986ء میں پاکستانی دارلحکومت اسلام آباد میں پیدا ہوئے تھے اور اب آسٹریلیا کی قومی ٹیم کے اہم رکن ہیں۔ وہ 31 ٹیسٹ، 18 ون ڈے اور 9 ٹی ٹوئنٹی میچز میں آسٹریلیا کی نمائندگی کر چکے ہیں۔