پی ایس ایل جاری، سٹے بازوں کی شامت

0 1,020

کھیل جہاں شائقین کے لیے تفریح کا ذریعہ ہوتے ہیں بلکہ کئی لحاظ سے قومی عزت و افتخار کا باعث ہوتے ہیں، وہیں کچھ طبقات ایسے ہوتے ہیں جو اس میں بھی گھٹیا پن سے باز نہيں آتے، جیسا کہ سٹے باز اور جواری کہ جن کی اپنی زندگی تو برباد ہے ہی لیکن انہوں نے فکسنگ کے جال بچھا کر کئی کھلاڑیوں کے کیریئرز بھی برباد کیے ہیں۔ پاکستان سپر لیگ میں بھی پچھلے سال ہمیں ایک فکسنگ اسکینڈل دیکھنے کو ملا جو کرکٹ بورڈ کی بروقت کارروائی کی وجہ سے بروقت روک دیا گیا۔ اب پاکستان کے متعدد شہروں میں جواریوں اور سٹے بازوں کی گرفتاری کا عمل بھی جاری ہے۔

حال ہی میں کراچی پولیس نے 15 سٹے بازوں کو گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا ہے جو پی ایس ایل کے آئندہ میچز کی تیاریاں کیے بیٹھے تھے۔ یہاں تک کہ ان میں چند مقامی ٹیلی وژن چینلز کے ملازمین بھی شامل تھے۔ ایس ایس پی کلفٹن توقیر نعیم کا دعویٰ ہے کہ انہوں نے خیابان جانباز، ڈیفنس ہاؤسنگ اتھارٹی کے ایک بنگلے سے ان بکیز کو گرفتار کیا ہے۔ ان کے پاس سے 65 لاکھ روپے مالیت کی مقامی و بین الاقوامی کرنسی برآمد ہوئی ہے۔ اس کے علاوہ 3 لیپ ٹاپس، 39 موبائل اور قیمتی دستی گھڑیاں بھی نکلی ہیں تاہم پولیس کا کہنا ہے کہ پریشان کن بات یہ ہے کہ شہر میں اب بھی درجنوں بکيز کام کر رہے ہیں۔

یاد رہے کہ رواں ماہ کے آغاز میں اسلام آباد پولیس نے بھی سید پور گاؤں میں ایک چھاپے کے دوران 29 مشتبہ افراد کو گرفتار کیا تھا جو پی ایس ایل کے میچز پر سٹے لگا رہے تھے۔ ان ملزمان سے 80 ہزار روپے نقد، 30 موبائل، یہاں تک کہ شراب کی بوتلیں اور 400 گرام چرس بھی برآمد ہوئی تھی۔

پاکستان سپر لیگ اب اپنے اختتامی مراحل میں ہے۔ آج ایلی منیٹرز کا آغاز ہوگا جن کا پہلا مقابلہ لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں پشاور زلمی اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے درمیان کھیلا جائے گا۔ اس مقابلے کی فاتح ٹیم کل اسی میدان پر کراچی کنگز کا مقابلہ کرے گی۔