ویسٹ انڈیز متنازع انداز میں ورلڈ کپ 2019ء میں پہنچ گیا

0 1,061

ویسٹ انڈیز نے عالمی کپ 2019ء کے لیے کوالیفائی کرلیا ہے۔ زمبابوے میں جاری کوالیفائرز کے سلسلے میں ایک مقابلے میں دو مرتبہ کے سابق چیمپیئن نے اسکاٹ لینڈ کو ڈی ایل ایس طریقے کے مطابق شکست دی اور یوں انگلینڈ میں ہونے والے اگلے ورلڈ کپ کے لیے اپنی نشست پکی کرلی۔ اس مرحلے میں چھ ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں اور صرف فائنل تک پہنچنے والی دو ٹیمیں ہی اگلے سال عالمی کپ کھیلیں گی۔

پہلے دونوں ورلڈ کپ جیتنے والے ویسٹ انڈیز کو محض اتفاق نہیں بلکہ غیر معیاری کارکردگی نے یہ دن دکھائے ہیں کہ اسے اس عالمی ٹورنامنٹ تک پہنچنے کے لیے کوالیفائر کھیلنا پڑ رہا ہے۔ اسکاٹ لینڈ کے خلاف اس مقابلے میں کامیابی تو ویسٹ انڈیز نے حاصل کی لیکن اس کی بیٹنگ کا پول ضرور کھل گیا۔ پوری ٹیم 49 ویں اوور میں صرف 198 رنز پر ڈھیر ہوئی۔ کرس گیل سمیت کوئی بلے باز اسکاٹ لینڈ کے باؤلرز کے سامنے ڈٹ کر کھڑا نہ ہو سکا۔ ایون لوئس اور مارلون سیموئلز نے عمدہ بلے بازی کی اور بالترتیب 66 اور 51 رنز بنائے اور یہی تھے جنہوں نے سابق عالمی چیمپیئن کی رہی سہی ساکھ بچا لی ورنہ حالات کافی سنگین ہوجاتے۔

ہدف کے تعاقب میں اسکاٹ لینڈ 36 ویں اوور تک پانچ وکٹوں پر 125 رنز بنا چکا تھا لیکن یہاں بارش ہوگئی۔ شاید اسکاٹ لینڈ جیت بھی جاتا، لیکن مقابلہ دوبارہ شروع نہ ہو سکا، یہاں تک کہ ڈی ایل ایس طریقے کے تحت ویسٹ انڈیز کو 5 رنز سے فاتح قرار دے دیا گیا۔

اسکاٹ لینڈ کی شکست کی وجہ جہاں بارش تھی، وہیں پر ناقص امپائرنگ کا بھی بڑا عمل دخل رہا۔ کوالیفائرز میں ریویو سسٹم موجود نہیں ہے، اس لیے ایک وکٹ نے ویسٹ انڈیز کی کامیابی کو یقینی بنا دیا۔ واضح رہے کہ ورلڈ کپ 2019ء میں صرف 10 ٹیمیں کھیلیں کی۔