آئی پی ایل پاکستان سپر لیگ کے نقش قدم پر

0 1,051

انڈین پریمیئر لیگ نے پاکستان سپرلیگ کے نقش قدم پر چلتے ہوئے بالآخر اپنے گیارہویں سیزن میں ڈی آر ایس استعمال کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ اس فیصلے کی تصدیق آئی پی ایل کے چیئرمین راجیو شکلا نے بھی کر دی ہے۔

بھارت امپائر کے فیصلے پر نظرثانی کے اس نظام کا پرانا مخالف رہا ہےاور ہمیشہ اراکین کی اکثریت کی مخالفت کی وجہ سے بھارت کی بین الاقوامی سیریز میں بھی ڈی آر ایس کے استعمال پر پابندی رہی ہے۔ لیکن طویل مشاورت کے بعد 2016ء میں انگلینڈ کے دورہ بھارت میں تینوں طرز کی کرکٹ میں پہلی بار ڈی آر ایس استعمال کیا گیا۔ پھر بھی آئی پی ایل اس کا استعمال نہیں کیا گیا۔ البتہ اگلے ماہ سے شروع ہونے والے گیارہویں سیزن میں ڈی آر ایس کے استعمال کا حتمی فیصلہ ہوچکا ہے۔

چیئرمین آئی پی ایل رجیوشکلا نے 2018 کے آئی پی یل میں ڈی آر ایس کے استعمال کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا ہے کہ اس کا فیصلہ گزشتہ سال دسمبر میں وشاکھاپٹنم میں منعقدہ اجلاس میں ہوا تھا، جہاں ڈومیسٹک کرکٹ کے ٹاپ 10 امپائرز کو آئی سی سی کے امپائرز کوچ ڈینس برنس اور آسٹریلیا کے پال رائفل نے ڈی آر ایس پر بریفنگ دی تھی۔

واضح رہے کہ پاکستان نے گزشتہ سال سپر لیگ کے پلے-آف مرحلے میں ڈی آر ایس استعمال کیا تھا۔ یہ پہلا موقع تھا کہ دنیا بھر میں کسی بھی لیگ میں ڈی آر ایس کا استعمال کیا گیا ہو۔ اس بار تو پی ایس ایل میں تمام ہی میچز میں امپائر کے فیصلے کے خلاف نظرثانی کی اپیل کا حق دیا تھا، جس کی وجہ سے کئی اہم فیصلے درست کرنے میں مدد ملی۔