ورلڈکپ اور زمبابوے کی موہوم سی امید
ورلڈ کپ 2019ء کے لیے کوالیفائرز اپنے حتمی مرحلے میں داخل ہو چکے ہیں کہ جن میں سپر سکسز مرحلے کے آخری دن افغانستان اور آئرلینڈ آپس میں کھیل رہے ہیں۔ اگلے سال عالمی کپ کے لیے ویسٹ انڈیز کے علاوہ دوسرا کون سا ملک کوالیفائی کرے گا؟ اس کا تمام تر انحصار اس مقابلے کے نتیجے پر ہے۔
گزشتہ روز زمبابوے کے خلاف متحدہ عرب امارات کی حیران کن کامیابی نے افغانستان اور آئرلینڈ کو براہ راست فائدہ پہنچایا ہے کیونکہ دونوں کے امکانات نہ ہونے کے برابر تھے لیکن ایک اپ سیٹ نے ان کے باہمی مقابلے کو سیمی فائنل بنا دیا ہے۔
اگر زمبابوے امارات کے خلاف مقابلہ جیت جاتا تو نہ صرف ان دونوں کو باہر کردیتا بلکہ خود بھی کوالیفائرز کے فائنل میں اور اگلے عالمی کپ میں پہنچ جاتا۔ لیکن اب عالم یہ ہے کہ اگر افغانستان کے خلاف میچ میں آئرلینڈ جیت جاتا ہے تو وہ فائنل میں پہنچ جائے گا اور اگلے سال ورلڈ کپ کے لیے اپنی نشست بھی پکي کرلے گا۔ اسی طرح افغانستان بھی جیت کر کوالیفائی کر سکتا ہے۔
لیکن اگر کوئی نتیجہ نہ نکلا، یعنی میچ بارش کی نذر ہو گیا تو افغانستان، آئرلینڈ اور زمبابوے تینوں کے پوائنٹس برابر ہو جائیں گے۔ اس صورت میں بہتر نیٹ رن ریٹ کی وجہ سے آئرلینڈ آگے چلا جائے گا جبکہ زمبابوے اور افغانستان کا سفر تمام ہو جائے گا۔
زمبابوے کے عالمی کپ کھیلنے کی واحد صورت اب یہی ہے کہ افغانستان-آئرلینڈ میچ ٹائی ہوجائے، وہ بھی 25 اوورز کے بعد۔ اسی صورت میں زمبابوے کا نیٹ رن ریٹ افغانستان اور آئرلینڈ سے بہتر ہو جائے، ورنہ زمبابوے کا اخراج یقینی ہے۔
واضح رہے کہ ورلڈ کپ 2019ء اگلے سال انگلینڈ اور ویلز میں کھیلا جائے گا اور اس میں صرف 10 ٹیمیں کھیلیں گی۔ رینکنگ میں ٹاپ 8 ٹیموں کے علاوہ باقی دو کا انتخاب ان کوالیفائرز کے ذریعے کیا جا رہا ہے جو اس وقت زمبابوے میں جاری ہیں۔