جوتا پھینکنے کا انجام، چنئی تمام میچز سے محروم
انڈین پریمیئر لیگ کے جاری سیزن میں چنئی سپرکنگز اپنے ہوم گراونڈ کے متوقع فائدے سے ہاتھ دھو بیٹھی ہے، کیونکہ اب اس کے باقی تمام 6 ہوم میچز دوسرے مقامات پر منعقد ہوں گے۔ معاملہ کچھ یوں ہے کہ گزشتہ کچھ عرصے سے تمل ناڈو اور کرناٹک کے مابین پانی کی تقسیم کے مسئلے پر تنازع چلا آ رہا ہے، جس کی وجہ سے چنئی کے حالات کافی کشیدہ ہیں۔ اس کی ایک جھلک ایم اے چدمبرم اسٹیڈیم میں کھیلے گئے سیزن کے پہلے میچ میں دیکھنے کو ملی، جب شائقین نے چنئی سپر کنگز کے کھلاڑیوں پر احتجاجاً جوتے تک پھینکے۔
اب چنئی سپر کنگز کے چیف ایگزیکٹو آفیسر کاسی وشواناتھ نے چنئی پولیس کمشنر سے ملاقات کر کے شہر کے حالات پر تفصیلی بات چیت کی۔ جس میں پولیس کمشنر نے تمل ناڈو اور کرناٹک کے درمیان جاری کشیدگی کی وجہ سے بقیہ میچ دوسرے مقامات منتقل کرنے کا مشورہ دیا۔ اب بھارتی کرکٹ بورڈ نے نے چنئی میں طے شدہ باقی مقابلے پونے منتقل کر دیے ہیں۔
پونے کا میدان چنئی سپرکنگز کے کپتان ایم ایس دھونی اور کوچ سٹیفن فلیمنگ کا جانا پہنچانا ہے کیونکہ یہ دونوں 2016 اور 2017 میں رائزنگ پونے سپر جائنٹس کا حصہ تھے۔ ویسے چنئی سپرکنگز کے لیے دوسرے میدانوں میں کھیلنے کا یہ پہلا تجربہ نہیں ہو گا۔ اس سے پہلے 2014 میں بھی کشیدہ حالات کی بدولت اسے اپنے میچز رانچی میں کھیلنے پڑے تھے۔