اور اب 100 گیندوں کی کرکٹ، انگلش بورڈ کا انوکھا منصوبہ

0 1,111

کرکٹ بہت عرصے تک یکساں رفتار اور انداز سے ایک ہی ڈگر پر چلتی رہی یہاں تک کہ اتفاقاً ایک روزہ کرکٹ نے جنم لیا۔ لیکن یہ عہد ٹی ٹوئنٹی کا ہے اور اس فارمیٹ کی وجہ سے کرکٹ کو جتنی عوامی پذیرائی ملی ہے، شاید ہی اس سے پہلے کبھی ملی ہو۔ کرکٹ کے روایتی بندھن ٹوٹنے کے بعد اب لگتا ہے یہ کھیل بھی فیشن کی طرح رنگ بدلتا رہے گا کیونکہ انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ ایک نئے منصوبے پر کام کر رہا ہے جس سے ممکنہ طور پر کرکٹ کا مستقبل ہی بدل جائے گا، وہ منصوبہ ہے 100 گیندوں پر مشتمل فارمیٹ متعارف کروانے کا!

ای سی بی کے سربراہ ٹام ہیریسن نے کہا ہے کہ یہ ایک نیا اور دلچسپ خیال ہے جو نوجوانوں کو بہت پسند آئے گا اور اس سے کرکٹ کے پرستاروں میں بہت اضافہ ہوگا۔ کرکٹ روایات کا اسیر ہو چکا ہے اور یہ ہماری ذمہ داری ہے کہ مستقبل کو سامنے رکھ کر کھیل کے استحکام اور اس کی ترقی کے متعلق سوچیں۔ 2003ء میں ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ کا آغاز ہوا جس نے فوری طور پر تو ہلچل پیدا نہیں کی لیکن ای سی بی نے کاؤنٹیز کے مابین اسی فارمیٹ پر مقابلے کروائے یہاں تک کہ 2005ء میں اسے بین الاقوامی درجہ ملا اور اب یہ مقبول ترین فارمیٹ بن چکا ہے۔

بورڈ کے چیف کمرشل آفیسر اور نئے ایونٹ کے ایم ڈی سنجے پٹیل کا کہنا ہے کہ 100گیندوں کے فارمیٹ کا طریقہ کار بہت سادہ ہے، جس میں روایتی 6 گیندوں پر مشتمل 15 اوورز ہوں گے اور اسی طرح یہ 90 گیندیں ہو جائیں گی جبکہ آخر میں 10 گیندوں کا ایک اوور ہوگا جو کھیل میں نئی سنسنی اور جوش بھر دے گا۔بورڈ کی طرف سے جاری بیان کے مطابق یہ مقابلے 2020ء میں منعقد کروائے جائیں گے اور اس میں 6 ٹیمیں ساؤتھپمٹن، برمنگھم، لیڈز، لندن، مانچسٹر، کارڈف اور ناٹنگھم حصہ لیں گی اور یہ 5 ہفتے کے دورانیے میں منعقد ہوگا۔

یاد رہے تجویز کردہ منصوبہ ابھی صرف کاغذ پر ہے، لیکن بلاشبہ یہ ایک دلچسپ خیال ہے اور بہت سے پہلو اور صورتیں واضح ہونے کے بعد کامیابی کی راہ پکڑ سکتا ہے۔