کیا لمبے چھکے پر زیادہ رنز ملنے چاہئیں؟

0 1,431

چاہے گیند 45 میٹر کی معمولی باؤنڈری کو بمشکل پار کرے یا 50 ہزار نشستوں کے حامل کسی بڑے میدان میں تماشائیوں کے درمیان جا گرے، بیٹسمین کو رنز پھر بھی 6 ہی ملتے ہیں کیونکہ یہی کرکٹ کا قانون ہے۔ لیکن ٹی ٹوئنٹی کے عروج کے ان دنوں میں چھکوں کی بڑھتی ہوئی تعداد کے پیش نظر چند اذہان میں یہ خیال آ رہا ہے کہ طویل چھکے پر زیادہ رنز ملنے چاہئیں۔

ابھی چند روز قبل انڈین پریمیئر لیگ میں کولکتہ نائٹ رائیڈرز اور چنئی سپر کنگز کے مقابلے کے بعد مہندر سنگھ دھونی نے کہا تھا کہ آج بہت چھکے لگے اور بہت سارے اسٹیڈیم سے باہر گئے۔ میرے خیال میں جب بھی گیند میدان سے باہرجائے تو اس پر دو اضافی رنز ملنے چاہئیں۔

چھکے کی جگہ اٹھّے کی یہ تجویز بڑی دلچسپ لگتی ہے لیکن یہ پہلا موقع نہیں کہ کسی نے یہ رائے دی ہے۔ اس سے صرف چار دن پہلے سابق آسٹریلوی بلے باز، اور رواں سال پاکستان سپر لیگ میں چیمپیئن بننے والے اسلام آبادیونائیٹڈکے کوچ، ڈین جونز نے بھی کہا تھا کہ اگر کوئی بلے باز 80 میٹرز سے لمبا چھکا مارے تو اسے 8 رنز ملنےچاہئیں۔

آپ کے خیال میں 100 میٹر لمبا چھکا مارنے پر بیٹسمین کو کتنے رنز ملنے چاہئیں؟


Loading ... Loading ...

2016ء کے اواخر میں جب بگ بیش لیگ کا چھٹا سیزن شروع ہونے والا تھا تو کچھ ایساہی سوال سامنے آیا تھا۔ تب چند کھلاڑیوں نے کہا تھا کہ اگر چھکا 100 میٹر سے زیادہ کا ہو تو بلے باز کو 8 رنز ملنے چاہئیں، بلکہ ایک نے تو کہا کہ گیند اسٹیڈیم کی دوسری منزل پر جائے تو 9 رنز اور چھت پر جائے تو 12 رنز ہونے چاہئیں۔

کرکٹ قوانین میں تبدیلی کا ذمہ دار ادارہ میریلیبون کرکٹ کلب (ایم سی سی) ہے، جس نے حال ہی میں بیٹ کے سائز کو محدود کرنے کے ساتھ ساتھ خراب رویّے پر کھلاڑی کو فٹ بال کی طرح میدان بدر کرنے کے قوانین بھی پیش کیے ہیں۔ کیا وہ ایسی کسی تجویز پر غور کر سکتا ہے؟ کوئی بعید نہیں کیونکہ یہی کرکٹ کا کھیل تھا جو کبھی 4 گیند فی اوور کا تھا، پھر ہر اوور میں 8 گیندوں تک بھی گیا لیکن آج کافی تبدیل ہے اور کوئی بعید نہیں کہ مستقبل میں اس کی صورت کافی تبدیل ہو۔

ویسے شاہد آفریدی کے پرتھ میں لگائے گئے اس چھکے کے بارے میں کیا خیال ہے؟ کمنٹیٹر مائیکل ہولڈنگ بھی کہہ رہے ہیں کہ یہ 12 رنز ہونے چاہئیں 🙂