پاک-بھارت ورلڈ کپ ٹکراؤ مانچسٹر میں ہوگا

0 1,067

عالمی کپ 2019ء کا سب سے بڑا ٹاکرا بلاشبہ پاکستان اور بھارت کے مابین ہوگا اور اب تصدیق ہو چکی ہے کہ یہ "بڑا مقابلہ" 16 جون کو مانچسٹر میں کھیلا جائے گا۔

روایتی حریفوں کے مابین مقابلہ کسی بھی ٹورنامنٹ میں خاص اہمیت رکھتا ہے اور یہی وجہ ہے کہ بین الاقوامی کرکٹ کونسل ان دونوں کے درمیان معرکے کا باقاعدہ اہتمام کرتی ہے۔ 2017ء میں ہونے والی چیمپیئنز ٹرافی اور اس سے قبل کئی آئی سی سی ٹورنامنٹس میں دونوں ٹیموں کو ایک ہی گروپ میں رکھا گیا تاکہ دونوں کے درمیان کم از کم ایک مقابلہ ضرور ہو۔ حقیقت بھی یہی ہے کہ باقی پورا ٹورنامنٹ ایک طرف اور یہ میچ اکیلا ہی سب پر بھاری پڑ جاتا ہے۔ پچھلے سال تو چیمپیئنز ٹرافی میں پاکستان اور بھارت دو مرتبہ مدمقابل آئے، افتتاحی مقابلے میں بھی کہ جہاں پاکستان کو بدترین شکست ہوئی لیکن پھر پاکستان ٹورنامنٹ میں واپس آیا اور فائنل میں بھارت کو شکست دے کر ناقابل یقین انداز میں حساب چکتا کردیا۔

بدقسمتی سے پاک-بھارت سیاسی تعلقات کشیدہ ہونے سے دونوں ممالک کی کرکٹ پر بھی بہت فرق پڑا ہے۔ دونوں ممالک نے پچھلے 11 سالوں سے ایک دوسرے کے خلاف کوئی مکمل سیریز نہیں کھیلی۔ اب ہمیں یہ آئی سی سی ایونٹس کے علاوہ شاذ و نادر ہی باہم کھیلتے نظر آتے ہیں۔

50 اوورز پر مشتمل دنیائے کرکٹ کا سب سے بڑا ٹورنامنٹ 2019ء میں انگلینڈ اور ویلز میں کھیلا جائے گا کہ جس میں 10 ٹیمیں حصہ لیں گی۔ واضح رہے کہ ورلڈ کپ میں پاکستان بھارت کو کبھی شکست نہیں دے سکا۔ دیکھتے ہیں مانچسٹر میں یہ روایت برقرار رہتی ہے یا پاکستان توڑنے میں کامیاب ہوتا ہے۔