پاکستان کرے گا جنوبی افریقہ کا طویل دورہ

تین ٹیسٹ، پانچ ون ڈے اور تین ٹی ٹوئنٹی کھیلے جائيں گے

0 1,035

پاکستان رواں سال کا اختتام جنوبی افریقہ کے ایک طویل دورے کے ساتھ کرے گا جو ممکنہ طور پر دسمبر میں شروع ہوگا اور اگلے سال فروری تک جاری رہے گا۔ اس دورے میں دونوں ملک 3 ٹیسٹ میچز کے علاوہ 5 ایک روزہ اور 3 ٹی ٹوئنٹی بھی کھیلیں گے۔ اس شیڈول کا اعلان گزشتہ روز جنوبی افریقہ نے کیا ہے۔

پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان پہلا ٹیسٹ 26 دسمبر کو باکسنگ ڈے پر ہوگا جو سپر اسپورٹ پارک، سنچورین میں کھیلا جائے گا۔ دوسرا مقابلہ نئے سال میں 3 جنوری سے نیولینڈز، کیپ ٹاؤن میں جبکہ آخری 11 جنوری سے جوہانسبرگ کے تاریخی وینڈررز اسٹیڈیم میں ہوگا۔

محدود اوورز کی سیریز میں پہلے پانچ ایک روزہ مقابلے ہوں گے، جن کا آغاز 19 جنوری کو پورٹ ایلزبتھ میں پہلے میچ سے ہوگا۔ دوسرا مقابلہ 22 جنوری کو کنگسمیڈ، ڈربن میں، تیسرا 25 جنوری کو سنچورین، چوتھا 27 جنوری کو جوہانسبرگ اور پانچواں 30 جنوری کو کیپ ٹاؤن میں کھیلا جائے گا۔

سیریز کے آخر میں تین ٹی ٹوئنٹی میچز بھی ہوں گے جن کا آغاز یکم فروری کو کیپ ٹاؤن سے ہوگا۔ دوسرا مقابلہ 3 فروری کو جوہانسبرگ اور تیسرا 6 فروری کو سنچورین میں کھیلا جائے گا۔

یاد رہے کہ پاکستان نے آخری بار 2013-14ء میں جنوبی افریقہ کا دورہ کیا تھا اور ایک روزہ سیریز ایک-دو سے جیتی تھی۔ اس طرح پاکستان جنوبی افریقی سرزمین پر سیریز جیتنے والا پہلا ایشیائی ملک بن گیا تھا۔ البتہ پاکستان کبھی جنوبی افریقہ کو ٹیسٹ سیریز نہیں ہرا پایا، یہاں تک کہ مصباح الحق کی قیادت میں بھی پاکستان کو 2013ء میں تین-صفر کی بدترین شکست ہوئی تھی۔ دیکھتے ہیں اس بار شاہین کیا کارنامے دکھاتے ہیں؟