ڈیرن سیمی ایک مرتبہ پھر پاکستان آئیں گے

0 1,312

ڈیرن سیمی کے مداحوں کے لیے خوشخبری ہے کہ وہ ایک مرتبہ پھر پاکستان آ رہے ہیں اور اس بار پشاور زلمی کے سالانہ ایکسیلنس ایوارڈ کی تقریب میں شرکت کریں گے۔

اس بات کا اعلان پشاور زلمی کے مالک جاوید آفریدی نے اپنے ٹویٹر پیغام میں کیا کہ "پورے ملک میں پھیلے ہوئے مداح اپنے ہردلعزیز کپتان سیمی کی پاکستان آمد کا انتظار کر رہے ہیں، فرنچائز کرکٹ میں صرف چند کپتان ہی ہوں گے جہیں اتنا پیار ملا ان میں ایک آپ ہیں۔"

ایوارڈ کی تقریب 30 اپریل کو اسلام آباد میں منعقد ہو گی۔ تقریب میں ڈیرن سیمی کے علاوہ ویسٹ انڈیز کے سابق کپتان برائن لارا اور سر ویوین رچرڈز بھی شریک ہوں گے جبکہ سابق آسٹریلوی بولر جیف تھامسن، انگلینڈ کی کپتان ناصر حسین اور گراہم گوچ بھی شرکت کر رہے ہیں۔ پشاور زلمی اور پاکستان ٹیلی وژن تقریب کے مشترکہ میزبان ہوں گے، جس کا عنوان 'زلمی لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈز' ہو گا۔

ڈیرن سیمی کا شمار پاکستان میں چند مقبول ترین کھلاڑیوں میں ہوتا ہے اور دوسری طرف سیمی بھی کچھ کم نہیں ہیں، وہ بارہا اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ سے پاکستان کے متعلق پیغام دیتے رہتے ہیں۔ سیمی پاکستان سپر لیگ کی مقبول ترین فرنچائز پشاورزلمی کی قیادت کرتے ہیں جو دوسرے سیزن میں چیمپئن بنی تھی مگر تیسرے سیزن میں فائنل میں شکست کھا گئی۔