عالمی کپ 2019ء، اہم مقابلوں کو لازمی نتیجہ خیز بنایا جائے گا

0 1,073

آئی سی سی نے عالمی کپ 2019 کے سیمی فائنلز اور فائنل کو نتیجہ خیز بنانے کا منصوبہ بنا لیا ہے۔ انگلینڈ کے موسمی حالات کو مدنظر رکھتے ہوئے یہ فیصلہ کیا گیا ہے کہ اگر بارش کی وجہ سے میگا ایونٹ کے یہ تینوں میچز متاثر ہوئے تو انہیں اگلے دن مکمل کیا جا سکے گا۔

کولکتہ میں جاری آئی سی سی چیف ایگزیکٹیوز کمیٹی کا اجلاس ہوا۔ ذرائع کے مطابق میگا ایونٹ کے آخری تینوں اہم میچوں کو نتیجہ خیز بنانے کے لیے خصوصی اہتمام کیا گیا ہے، موسم کی مداخلت کی وجہ سے اگر میچ مکمل نہیں ہوتا تو اسے مکمل کرنے کے لیے اضافی دن رکھا گیا ہے۔

ایونٹ کا پہلا سیمی فائنل اولڈ ٹریفرڈ، مانچسٹر میں 9 جولائی کو ہوگا جو پوائنٹس ٹیبل پر پہلے اور چوتھے نمبر پر رہنے والی ٹیموں کے درمیان کھیلا جائے گا۔ دوسرا سیمی فائنل 11 جولائی کو ایجبسٹن، برمنگھم میں دوسرے اور تیسرے نمبر پر رہنے والی ٹیموں کے مابین ہوگا جبکہ فائنل کا معرکہ لندن کے تاریخی میدان لارڈز پر 14جولائی کو طے ہے۔ اس طرح ان تینوں ٹاکروں کو محفوظ اور نتیجہ خیز بنانے کے لیے بھی وقفہ رکھا گیا ہےاگر کسی وجہ سے نتیجہ سامنے نہیں آتا تو اگلے دن فیصلہ ہوگا۔

یاد رہے عالمی کپ 2019ء کے مقابلے انگلینڈ اور ویلز کے 11 مقامات پر کھیلے جائیں گے جن میں لارڈز، اوول، ٹرینٹ برج، ہیڈنگلے، اولڈ ٹریفرڈ، ایجبسٹن، ٹاؤنٹن، برسٹل، چیسٹر-لی-اسٹریٹ، ساؤتھمپٹن اور کارڈف شامل ہیں۔ ٹورنامنٹ کا آغاز 30 مئی کو اوول سے ہوگا کہ جہاں افتتاحی مقابلے میں میزبان انگلینڈ کو جنوبی افریقہ کا مقابلہ کرنا ہوگا۔