ورلڈ الیون میں مزید کھلاڑی بھی شامل

0 1,047

آئی سی سی ورلڈ الیون ٹی ٹوئنٹی کی عالمی چیمپیئن ویسٹ انڈیز کے خلاف اگلے ماہ ایک مقابلہ کھیلے گی، جو لارڈز کے تاریخی میدان پر ہوگا۔ ورلڈ الیون کے لیے اب تک پاکستان کے شاہد خان آفریدی اور شعیب ملک اپنی شرکت کی تصدیق کر چکے ہیں جبکہ اب متعدد نئے کھلاڑی بھی شامل ہوگئے ہیں۔

بھارت کے آل راؤنڈر ہاردک پانڈیا اور وکٹ کیپر بیٹسمین دنیش کارتھک بھی ورلڈ الیون میں شامل ہوں گے جبکہ افغانستان کے باؤلر راشد خان، بنگلہ دیش کے تمیم اقبال اور شکیب الحسن اور سری لنکا کے تھیسارا پیریرا بھی ورلڈ الیون کا حصہ ہوں گے۔ قیادت پہلے ہی انگلینڈ کے ایون مورگن کو دی جا چکی ہے یعنی ورلڈ الیون کے 9 کھلاڑیوں کا انتخاب اب تک ہو چکا ہے اور اب صرف چند کھلاڑی ہی باقی ہیں۔

اس مقابلے کا مقصد ویسٹ انڈیز کے ان کرکٹ اسٹیڈیمز کی تعمیر نو ہے جو گزشتہ سال طوفانوں کی وجہ سے شدید نقصان سے دوچار ہوئے تھے۔ اس مقابلے سے ہونے والی آمدنی ایسے پانچ مقامات اور کمیونٹی کرکٹ کی سہولیات کی بحالی کے لیے استعمال کی جائے گی جو ارما اور ماریا نامی طوفانی سے سخت متاثر ہوئے تھے۔

اس عطیے سے فائدہ اٹھانے والے میدانوں میں رونالڈ ویبسٹر پارک، انگوئیلا؛ سر ویوین رچرڈز اسٹیڈیم، اینٹیگا؛ ونڈسٹر پارک، ڈومینیکا؛ اے او شرلی گراؤنڈ، برٹش ورجن آئی لینڈز اور کیرب لمبر ہال پارک، سینٹ مارٹن شامل ہیں۔