مشتاق احمد ویسٹ انڈیز کے کوچ بن گئے

0 1,040

پاکستان کے سابق اسپن ماسٹر اور مشتاق احمد اب ویسٹ انڈیز کی ٹیم کی کوچنگ کریں گے۔ اس سے پہلے وہ پاکستان اور انگلستان کی ٹیموں کے لیے بھی باؤلنگ کوچ کے طور پر ذمہ داریاں ادا کر چکے ہیں۔

ایک منفرد اسپنر کی حیثیت میں مشاق احمد کی پاکستان کرکٹ ٹیم کے لیے کئی نمایاں خدمات ہیں۔ انہوں نے ایک کامیاب لیگ اسپنر کے طور پر قومی دستے کی بہت سی فتوحات میں اہم کردار ادا کیا۔ شاندار بین الااقوامی کیریئر کے اختتام کے بعد مشتاق احمد کوچ کی حیثیت سے مختلف ٹیموں کے ساتھ ذمہ داریوں میں مصروف رہے۔ وہ پاکستان قومی ٹیم اور پاکستان سپر لیگ کے علاوہ انڈین پریمیئر لیگ، سرے اور انگلستان کی کرکٹ ٹیم کے ساتھ بھی باؤلنگ کوچ اور کنسلٹنٹ کے طور پر کام کرتے رہے۔ علاوہ ازیں مشتاق احمد 6 سال تک انگلش دستے کے ساتھ منسلک رہے جس دوران ان کی ٹیم نے ٹی20 عالمی کپ میں فتح حاصل کی اور ایک مرتبہ ایشز سیریز میں بھی شاندار کامیابی سمیٹی۔ حالیہ دنوں میں انگلستان کے معین علی اور راشد خان کے ساتھ بھی مشتاق احمد نے خوب محنت کی جس کی وجہ سے دونوں انگلستانی باؤلرز کی صلاحیتوں میں مزید نکھار پیدا ہوا۔

بطور باؤلنگ کوچ ویسٹ انڈیز کی تعیناتی کے بعد مشتاق احمد نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ وہ ایک شاندار تاریخ رکھنے والی ٹیم کے ساتھ کام کرنے کا موقع میسر آنے پر بہت خوش ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ویسٹ انڈیز کی پہچان بلکہ کلچر بھی گیند بازی رہی ہے اور وہ بہت خوش ہیں کہ انہیں غیر معمولی ٹیلنٹ کی حامل ٹیم کی تربیت کا موقع مل رہا ہے۔ مشتاق احمد نے تسلیم کیا کہ اس وقت کیربیئن ٹیم شدید مشکلات اور تنزلی کا شکار ہے تاہم انہوں نے امید ظاہر کی کہ وہ تمام تر کمزوریوں کے باوجود ایک قابل اعتماد باؤلنگ اسکوارڈ ترتیب دینے میں کامیاب ہوجائیں گے جو ماضی کی شاندار تاریخ دہرا سکے گی۔