اے بی نے شادی کی خواہش کا اظہار کیسے کیا؟

0 1,030

جنوبی افریقہ کے عظیم بیٹسمین اے بی ڈی ولیئرز نے اپنی ان یادوں کو تازہ کیا ہے کہ کس طرح انہوں نے تاج محل کے سامنے اپنی اہلیہ سے شادی کی خواہش ظاہر کرنے سے قبل جھوٹ بولا تھا۔ ڈی ولیئرز نے انکشاف کیا کہ اس خیال کو بہت احتیاط سے ترتیب دیا گیا تھا کیونکہ انہوں نے اہلیہ ڈینیئل سے جھوٹ بولا تھا اور فوٹوگرافرز اور کیمرا مینوں کو سکیورٹی گارڈز کے روپ میں ساتھ لے گئے تھے۔

"وہ میری زندگی کا ایک بہت ہی خاص لمحہ تھا۔ میں نے ڈینیئل کو حیران کردیا تھا، اس نے سوچا بھی نہیں تھا کہ میں ایسا بھی کروں گا۔ اس خاص مطالبے کے لیے تاج محل سے زیادہ خاص جگہ کون سی ہو سکتی تھی؟ میں نے اس کا فیصلہ دو ماہ قبل کیا تھا اور انگوٹھی وغیرہ بھی لے لی تھی۔ پھر 'سکیورٹی گارڈز' کو تیار رکھا تھا کہ وہ اس لمحے کی تصاویر اور وڈیوز بھی بنائیں۔

ڈی ولیئرز نے 2013ء میں ڈینیئل سے شادی کی تھی اور ان کے دو بچے بھی ہیں۔

ڈی ولیئرز نے گزشتہ روز آئی پی ایل میں ایک ناقابل یقین کیچ لیا ہے اور وہ بتاتے ہیں کہ وہ 8 سال کے تھے جب پاکستان کے خلاف 1992ء کے ورلڈ کپ مقابلے میں جونٹی رہوڈز نے وہ یادگار رن آؤٹ کیا تھا۔ اس رن آؤٹ کی نقل انہوں نے اپنے گھر میں کئی بار اتاری اور گھٹنوں پر آج بھی اس کے نشان ہوں گے۔ ڈی ولیئرز کے الفاظ میں وہ ہمیشہ جونٹی رہوڈز بننا چاہتے تھے۔ ان کے پاس ایک کیپ تھی جس پر پیلے رنگ سے Jonty لکھا ہوتا تھا۔ یہ سپر اسپورٹ پارک میں ہونے والے ایک ٹیسٹ میچ کے موقع پر خریدی گئی تھی جب اے بی عمر صرف 11 سال تھی۔