ٹیسٹ کرکٹ سے ٹاس کا خاتمہ کردیا جائے گا؟

0 1,027

ٹیسٹ کرکٹ کھیلتے ہوئے جو قدم سب سے پہلے اٹھایا جاتا ہے، شاید اسے اب ہمیشہ کے لیے ختم کردیا جائے کیونکہ آئی سی سی کی کرکٹ کمیٹی اس موضوع پر بحث کے لیے تیاری ہے کہ ہوم گراؤنڈ کا ایڈوانٹیج ختم کرنے کے لیے ٹاس کا خاتمہ کیا جائے یا نہیں۔

مارچ 1877ء میں آسٹریلیا اور انگلینڈ کے پہلے ٹیسٹ سے لے کر آج تک ہر ٹیسٹ میچ کا آغاز ٹاس کے ذریعے ہوتا ہے، جس سے فیصلہ کیا جاتا ہے کہ کون پہلے بیٹنگ یا باؤلنگ کرے گا۔ میزبان ٹیم کا کپتان سکّے کو ہوا میں اچھالتا ہے اور مہمان کپتان ہیڈ یا ٹیل پکارتا ہے۔

البتہ یہ رائے سامنے آ رہی ہے کہ میزبان بورڈز حالات کو اپنے حق میں کرنے کے لیے کافی کچھ کرتے ہیں اور نتیجے میں ٹاس کی اہمیت نامناسب حد تک زیادہ ہو جاتی ہے۔ اس کا علاج یہ ہے کہ ٹاس کا خاتمہ کردیا جائے اور مہمان ٹیم کو حق دیا جائے کہ وہ پہلے بلے بازی کرے گی یا پھر باؤلنگ۔ اس کا آغاز مجوزہ طور پر 2019ء کے آسٹریلیا کے ایشیز کے لیے دورۂ انگلینڈ سے ہوگا۔

آئی سی سی کی کرکٹ کمیٹی کا اجلاس رواں ماہ کے اختتام پر ممبئی میں ہوگا۔ ذرائع کے مطابق آئی سی سی کو پچ کی تیاری پر میزبان کے اثر انداز ہونے پر سنجیدہ تشویش ہے اور کمیٹی کے متعدد اراکین کا ماننا ہے کہ ٹاس خودکار طور پر دورہ کرنے والی ٹیم کو دینا چاہیے۔

اس تصور کے سب سے بڑے حامی آسٹریلیا کے سابق کوچ ڈیرن لیمن تھے۔ لیکن وہ بال ٹیمپرنگ اسکینڈل کے بعد اپنے استعفیٰ کی وجہ سے اجلاس میں شریک نہیں ہوں گے۔ انہوں نے 2016ء میں اپنی کتاب میں صاف الفاظ میں وکٹ تیار کرکے میزبان کو کھیل سے پہلے ہی برتری دلانے کی مخالفت کی تھی۔