بابر اعظم زخمی ہوکر دورے سے ہی باہر ہوگئے
پاکستان کے مستند بیٹسمین بابر اعظم اپنی کلائی کی ہڈی ٹوٹنے کی وجہ سے انگلینڈ کے خلاف سیریز سے باہر ہو گئے ہیں۔
لارڈز میں کھیلے جا رہے پہلے ٹیسٹ کے دوسرے روز انگلش باؤلر بین اسٹوکس کی ایک گیند ان کے بازو پر لگی تھی۔ اس وقت بابر 68 رنز پر کھیل رہے تھے اور ریٹائرڈ ہرٹ ہوکر میدان سے واپس آنا پڑا تھا۔ پاکستان کے فزیوتھراپسٹ کلف ڈیکن کے مطابق وہ چار سے چھ ہفتے کے لیے سے باہر ہوگئے ہیں یعنی کہ انگلینڈ کے خلاف سیریز میں تو واپس نہیں آ سکتے کہ جہاں پاکستان کو کل دو ٹیسٹ میچز کھیلنے ہیں۔
ڈیکن نے کہا کہ "ہم نے دن کے اختتام پر احتیاطاً ان کا ایکس-رے کروایا جس میں فریکچر کی تصدیق ہوئی۔ یہ بائیں بازو پر کلائی سے تھوڑا سا اوپر ہوا ہے۔"
پاکستان نے ابھی ان کی جگہ کوئی متبادل بلے باز بھیجنے کا فیصلہ نہیں کیا ہے۔ اسکواڈ میں عثمان صلاح الدین، فخر زمان اور سمیع اسلم پہلے ہی موجود ہیں۔
بابر اعظم گو کہ ایک روزہ کرکٹ میں ایک جانے مانے بلے باز ہیں اور 53 رنز کا جاندار اوسط رکھتے ہیں لیکن ٹیسٹ میں اب تک خود کو ثابت نہیں کر پائے۔ طویل طرز کی کرکٹ میں پہلی سنچری کے تعاقب میں زخمی ہو جانا ان کی بدقسمتی کہا جائے تو بے جا نہ ہوگا۔