یہ لارڈز پر سب سے شاندار کامیابی ہے، وقار یونس

0 1,318

انگلینڈ کے خلاف "کرکٹ کے گھر" لارڈز میں کامیابی حاصل کرنے سے بہتر کیا ہو سکتا ہے؟ البتہ سابق کپتان اور کوچ وقار یونس کہتے ہیں کہ یہ اس میدان پر حاصل کردہ پاکستان کی سب سے شاندار کامیابی ہے۔

پاکستان نے لارڈز ٹیسٹ میں چوتھے دن ہی انگلستان کو 9 وکٹوں سے ہرا کر سیریز میں ناقابل شکست برتری حاصل کرلی ہے۔ 2016ء کے دورے پر بھی یہاں پاکستان نے انگلینڈ کو ہرایا تھا اور اب پاکستان لارڈز میں اپنے 15 میں سے 5 ٹیسٹ جیت چکا ہے۔

میچ کے بعد گفتگو کرتے ہوئے سابق پاکستانی کوچ وقار یونس نے کہا کہ "کھلاڑیوں نے ہر کام بالکل ٹھیک طریقے سے کیا، ایک سیشن کو چھوڑ کر مقابلے کے ہر لمحے پر چھائے رہے۔ یہ فتح تو پرانی تمام فتوحات سے زیادہ بڑی کامیابی ہے۔"

انگلینڈ نے دن کا آغاز چھ وکٹوں پر 236 رنز کے ساتھ کیا تھا لیکن 242 رنز پر ہی ڈھیر ہوگیا۔ جس کے بعد پاکستان نے اظہر علی کے وکٹ کے نقصان پر 64 رنز کا ہدف باآسانی حاصل کرلیا۔ یہ 23 سالوں میں پہلا موقع ہے کہ انگلینڈ اپنے گرمائی سیزن کے پہلے ہی ٹیسٹ میں ہارا ہو۔

373 ٹیسٹ وکٹیں لینے والے وقار کہتے ہیں کہ " اس نوجوان پاکستانی ٹیم کے ان کھلاڑیوں نے ایک دوسرے کے ساتھ بہت کم کرکٹ کھیلی ہے۔ سات کھلاڑی ایسے ہیں جنہوں نے پہلے کبھی کوئی میچ ساتھ نہیں کھیلا، ایسا بہت ہی کم دیکھا گیا ہے۔"

پاکستانی دستے میں صرف اظہر علی اور اسد شیفق ہی ایسے کھلاڑی ہیں جنہوں نے کم از کم 60 ٹیسٹ کھیلے ہیں۔

دوسری جانب کپتان سرفراز احمد نے کہا کہ انہیں اپنے نوجوانوں پر فخر ہیں، جنہوں نے رواں ماہ آئرلینڈ کو بھی تاریخی مقابلے میں شکست دی۔ "ہم یہاں ایک ناتجربہ ٹیم کے ساتھ آئے تھے، لیکن اعتماد بھرپور تھا۔ ہماری باؤلنگ سائیڈ بہت اچھی ہے اور اس نے اپنا کام پوری خوبی کے ساتھ کیا۔"

سیریز کا دوسرا اور آخری ٹیسٹ جمعے سے ہیڈنگلی، لیڈز میں شروع ہوگا۔