بنگال ٹائیگرز ناکام، افغانستان نے پہلا ٹی20 جیت لیا

0 2,214

افغانستان نے پہلے ٹی20 میچ میں بنگلہ دیش کو 45 رنز سے شکست دے کر خود سے وابستہ توقعات کو سچ کر دیکھایا، افغانی دستے نے ہر شعبے میں خود سے زیادہ تجربہ کار بنگلہ دیش کو بے بس کئے رکھا اور 3 میچوں کی سیریز میں 1.0 کی برتری حاصل کر لی ہے۔

ممبئی میں اتوار کو کھیلے گئے پہلے ٹی ٹونٹی میچ میں افغانستان نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 167 رنز بنائے جس میں تجربہ کار محمد شہزاد 40 رنز بنا کر نمایاں رہے جبکہ سمیع اللہ شنواری نے 3 شاندارچھکوں اور اتنے ہی چوکوں کی مدد سے 36 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی،اس کے علاوہ شفیق اللہ نے 3 چھکوں کی مدد سے 24 رنز بنا کر اپنا بھرپور حصہ ڈالا اور اپنی ٹیم کی پوزیشن مستحکم راہ پرڈال دیا، دیگر کھلاڑیوں میں عثمان غنی 26، کپتان اصغر استنکزئی 25، شفیق اللہ 24، نجیب اللہ زدران 2، محمد نبی اور کریم صادق بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوئے۔

اس طرح مقرر اوور میں افغانستان نے 8 وکٹوں کے نقصان پر 167 رنز بنالیئے۔ بنگلہ دیش کی جانب سے ابوالحسن اور محموداللہ نے 2، 2 شکیب الحسن، ابو جاوید اور روبیل حسین نے 1، 1 وکٹ کمائی۔

افغانی گیندبازوں کی نپی تلی گیندبازی کی وجہ سے بنگلہ دیش کے تجربہ کار بلےباز ہدف کے تعاقب میں بری طرح ناکام رہے اور ساری ٹیم ریت کی دیوار ثابت ہوئی، پوری ٹیم 19 اوورز میں 122 رنز بنا کرآؤٹ ہو گئی۔ بنگلہ دیش کی شکست کا آغاز اسی وقت ہو گیا تھا جب خوبصورت بلےبازی کے ماہر تمیم اقبال پہلے اووور کی پہلی گیند پر ہی مجیب الرحمان کا شکار بن گئے، جس کے بعد ساری ٹیم لڑکھڑا کر رہ گئی اور کوئی بھی کھلاڑی متاثر کن کارکردگی کا مظاہرہ نہ کر سکا، لٹن داس 30، کپتان شکیب الحسن 15، مشفیق الرحیم 20، محموداللہ 29، مصدق حسین 14، ابوالحسن 5، ابوجاوید 1، صابررحمان اور روبیل حسین بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوئے۔

یوں افغانستان نے 45 رنز سے اہم فتح اپنےنام کر لی۔مین آف دی میچ راشد خان نے 13رنز کے عوض 3 وکٹیں حاصل کیں جبکہ شاہ پور زدران نے 3 اور محمد نبی نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔