پاک-آسٹریلیا ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی میچز لاہور منتقل
بالآخر وہی ہوا جس کی خبریں گردش میں تھیں۔ بگڑتی ہوئی سیاسی صورت حال کی وجہ سے پاک-آسٹریلیا سیریز کا اگلا مرحلہ راولپنڈی سے لاہور منتقل کر دیا گیا ہے۔
پاک-آسٹریلیا سیریز میں تین ون ڈے اور ایک ٹی ٹوئنٹی میچ 29 مارچ سے 5 اپریل کے دوران راولپنڈی میں کھیلا جانا تھا۔ لیکن وزیر اعظم عمران خان کے خلاف تحریکِ عدم اعتماد کے معاملے نے ملک میں سنگین سیاسی بحران کھڑا کر رکھا ہے۔
اب حزبِ اقتدار اور حزبِ اختلاف قومی اسمبلی کے اندر اور ایوان سے باہر بھی عملی طاقت کا مظاہرہ کر رہی ہيں اور دارالحکومت اور جڑواں شہروں میں حالات کافی کشیدہ نظر آتے ہیں۔
اس کے علاوہ بھی اسلام آباد میں اگلے دو ہفتوں کے دوران کئی سرگرمیاں ہو رہی ہیں۔ مثلاً 23 مارچ کو یومِ پاکستان کی پریڈ ہوگی، پھر اسلامی کانفرنس تنظیم کا وزرائے خارجہ اجلاس بھی طے شدہ ہے۔ یہ تمام چیزیں مل کر جڑواں شہروں میں اتنے ہائی-پروفائل میچز کا انعقاد مشکل بنا رہی ہیں۔
اس لیے پاکستان نے فیصلہ کیا ہے کہ تینوں ون ڈے اور واحد ٹی ٹوئنٹی میچ کو لاہور کے قذافی اسٹیڈیم منتقل کیا جائے۔
اس فیصلے کے کیا اثرات مرتب ہوں گے؟ کیا اس سے مستقبل میں آنے والے انگلینڈ اور نیوزی لینڈ پر خراب تاثر پڑے گا؟ یا پھر یہ درست وقت پر ایک بہترین فیصلہ ہے، اس بارے میں آنے والا وقت ہی بتائے گا۔ فی الحال تو یہ طے ہو گیا ہے کہ اب ٹیموں کو لاہور سے نہیں نکلنا بلکہ اب سیریز کے اختتام پر یہی شہر ان کا میزبان رہے گا۔
پاک-آسٹریلیا محدود اوورز کی سیریز 2022ء - نظرِ ثانی شدہ شیڈول
بمقابلہ | بمقام | بتاریخ | ||
---|---|---|---|---|
پاکستان | پہلا ون ڈے | آسٹریلیا | لاہور | 29 مارچ 2022ء |
پاکستان | دوسرا ون ڈے | آسٹریلیا | لاہور | 31 مارچ 2022ء |
پاکستان | تیسرا ون ڈے | آسٹریلیا | لاہور | 2 اپریل 2022ء |
پاکستان | واحد ٹی ٹوئنٹی | آسٹریلیا | لاہور | 5 اپریل 2022ء |