لیتھم نے تنِ تنہا نیوزی لینڈ کو بچا لیا

0 675

کرکٹ میں تجربہ کس طرح کام آتا ہے، اس کا اندازہ آج نیوزی لینڈ اور نیدرلینڈز کے مقابلے سے ہو گیا۔ ہملٹن میں بیٹنگ کی دعوت ملنے کے بعد نیوزی لینڈ کے پانچ بلے باز صرف 32 رنز پر آؤٹ ہو گئے تھے لیکن اس کے باوجود وہ ٹام لیتھم کی کیپٹن اننگز کی بدولت یہ مقابلہ 118 رنز سے جیت گیا۔ ہے نا حیرت کی بات؟

نیدرلینڈز کے خلاف دوسرے ون ڈے انٹرنیشنل میں نیوزی لینڈ کے کپتان ٹام لیتھم ٹاس تو ہارے لیکن ہمت نہیں ہاری۔ 22 رنز کی اوپننگ پارٹنرشپ کے بعد نیوزی لینڈ کے پے در پے کئی دھچکے لگے اور صرف 10 رنز کے اضافے سے اس کی پانچ وکٹیں گر گئیں۔ یہی نہیں بلکہ 100 رنز تک پہنچنے سے پہلے پہلے چھ کھلاڑی آؤٹ ہو چکے تھے۔

اتنی سنگین صورت حال بھی ٹام لیتھم کو روک نہیں پائی، جنہوں نے 10 چوکوں اور 5 چھکوں کی مدد سے 123 گیندوں پر 140 رنز بنائے۔ یہ کہنا غلط نہ ہوگا کہ انہوں نے تنِ تنہا نیوزی لینڈ کے لیے میچ بچایا۔ ویسے ڈوگ بریسویل نے 41 رنز کے ساتھ ان کا بھرپور ساتھ دیا۔

نیدرلینڈز کا دورۂ نیوزی 2022ء - دوسرا ون ڈے

نیوزی لینڈ بمقابلہ نیدرلینڈز

نیوزی لینڈ 118 رنز سے جیت گیا

نیوزی لینڈ 🏆264-9
ٹام لیتھم140123
ڈوگ بریسویل4151
نیدرلینڈز باؤلنگامرو
لوگان وان بیک102564
فریڈ کلاسن100363

نیدرلینڈز146
بس ڈے لیڈے3758
وکرم جیت سنگھ3151
نیوزی لینڈ باؤلنگامرو
مائیکل بریسویل50213
ایش سوڈھی6.10172

کپتان کی اس کیریئر بیسٹ اننگز کی بدولت نیوزی لینڈ نے نہ صرف پورے 50 اوورز کھیلے بلکہ بغیر آل آؤٹ ہوئے 264 رنز بنائے، جو نیدرلینڈز کے لیے کافی سے زیادہ تھے۔

جواب میں نیدرلینڈز ابتدائی دو اوورز ہی میں اوپنرز نے محروم ہو گیا۔ البتہ وکرم جیت سنگھ اور بس ڈے لیڈے کی 77 رنز کی شراکت داری کے باوجود سنبھل نہیں پایا اور 146 رنز پر آل آؤٹ ہو گیا۔ ڈے لیڈے نے سب سے زیادہ 37 رنز بنائے اور وکرم جیت 31 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے۔ ان دونوں کے علاوہ صرف ایک بلے باز ہی دہرے ہندسے میں پہنچا۔ نیدرلینڈز 35 ویں اوور میں 146 رنز پر آل آؤٹ ہوا۔

مائیکل بریسویل نے 21 رنز دے کر 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ دو، دو وکٹیں ایش سوڈھی اور کائل جیمیسن نے حاصل کیں۔

تین ون ڈے میچز کی سیریز کے ابتدائی دونوں مقابلے جیت کر نیوزی لینڈ سیریز اپنے نام کر چکا ہے۔