پاکستان جونیئر سپر لیگ، ایک انوکھی لیگ کا اعلان

0 714

پاکستان کرکٹ بورڈ نے پاکستان جونیئر سپر لیگ کا باضابطہ اعلان کر دیا ہے، جس کا آغاز رواں سال یکم اکتوبر سے ہوگا۔

صرف انڈر 19 کھلاڑیوں کے لیے بنائی گئی دنیا کی منفرد ترین لیگ کا پہلا سیزن یکم اکتوبر سے لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔

پی سی بی کا کہنا ہے کہ 24 ادارے مختلف حیثیت سے اس لیگ کا حصہ بننے کے لیے تیار ہیں بلکہ پاکستان سپر لیگ کی کم از کم تین فرنچائزز ایسی ہیں جو اس لیگ میں ٹیمیں خریدنے میں بھی دلچسپی رکھتی ہیں۔

یہ لیگ چیئرمین پی سی بی رمیز راجا کی ذہنی اختراع ہے، جس کی کافی مخالفت بھی کی جا رہی ہے۔ لیکن وہ سمجھتے ہیں کہ یہ پاکستان میں نیا کرکٹ ٹیلنٹ سامنے لانے کا ذریعہ بنے گی۔

مختلف شہروں کے نام پر مبنی چھ ٹیمیں اس لیگ میں حصہ لیں گی۔ جن کے کھلاڑیوں کا انتخاب بالکل پی ایس ایل کی طرح ڈرافٹ سے ہوگا۔ پاکستانیوں کے علاوہ غیر ملکی کھلاڑی بھی اس لیگ کا حصہ بنیں گے جبکہ ہر ٹیم کے ساتھ ایک 'آئیکون پلیئر' بھی کوچ یا گرو کی حیثیت سے موجود ہوگا۔

بورڈ کے مطابق عید الفطر کے بعد اس لیگ کے لائیو اسٹریمنگ حقوق کی نیلامی کی جائے گی۔