بالآخر کوہلی نے ففٹی بنا ہی ڈالی

0 792

کفر ٹوٹا خدا خدا کر کے، بالآخر بھارت کے 'مہان' بلے باز ویراٹ کوہلی نے آئی پی ایل میں ففٹی بنا ہی ڈالی۔

گجرات ٹائیٹنز کے خلاف مقابلے میں کوہلی بحیثیتِ اوپنر آئے اور 53 گیندوں پر 58 رنز کی اننگز کھیلی۔ یہ کوہلی کے شایانِ شان تو نہیں تھی لیکن گزشتہ کچھ عرصے سے وہ جس فارم میں چل رہے ہیں، اس کو دیکھتے ہوئے بہت اہم اننگز ضرور تھی۔

کوہلی نے آئی پی ایل کے پندرہویں سیزن کا آغاز پنجاب کنگز کے خلاف 41 رنز کی ناٹ آؤٹ اننگز کے ساتھ کیا۔ پھر کلکتہ نائٹ رائیڈرز کے خلاف 12 اور راجستھان رائلز کے مقابلے میں پانچ رنز کی اننگز کھیلیں۔ ممبئی انڈینز کے خلاف 48 رنز کی باری آج سے پہلے سیزن میں ان کی سب سے بڑی اننگز تھی اور اسی کے بعد کوہلی بجھ سے گئے۔

اگلی چھ اننگز میں کوہلی نے صرف 22 رنز بنائے جن میں دو مرتبہ صفر کی ہزیمت سے بھی دو چار ہوئے۔ لیکن ممبئی کے برابورن اسٹیڈیم میں 58 رنز کی اننگز کے ذریعے دوڑ میں واپس آتے ہوئے دکھائی دے رہے ہیں۔

کوہلی جس لیول کے بیٹسمین ہیں، ان سے بڑی توقعات ہوتی ہیں۔ باقی بلے باز تو چلیں نصف سنچری بنا کر بلکہ اس کے بغیر بھی چل جاتے ہیں لیکن کوہلی کے لیے معیار بہت اعلیٰ رہتا ہے۔ اس لیے ہم کہہ سکتے ہیں کہ ان کی ناکامیوں کا سلسلہ بہت دراز ہو چکا ہے۔ وہ تقریباً ڈھائی سال سے کسی فارمیٹ میں کوئی سنچری نہیں بنا سکے، جو بہت حیرت کی بات ہے۔

‏23 نومبر 2019ء سے اب تک انٹرنیشنل کرکٹ میں کوہلی کی کارکردگی

میچزرنزبہترین اننگزاوسطسنچریاںنصف سنچریاں
63247894*37.54024

کوہلی نے آخری مرتبہ نومبر 2019ء میں سنچری اسکور کی تھی، جب بنگلہ دیش کے خلاف کلکتہ ٹیسٹ میچ ایک اننگز میں انہوں نے 136 رنز بنائے تھے۔

یہ انٹرنیشنل کرکٹ میں کوہلی کی 70 ویں سنچری تھی اور اُن کی فارم دیکھ کر لگتا تھا کہ سچن تنڈولکر کا سب سے زیادہ 100 انٹرنیشنل سنچریوں کا ریکارڈ اب کوہلی کی پہنچ میں ہے۔ لیکن پھر نجانے کس کی نظر لگ گئی۔

اس میچ کے بعد 17 ٹیسٹ، 21 ون ڈے اور 25 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کے علاوہ انڈین پریمیئر لیگ کے 40 میچز بھی گزر چکے ہیں لیکن کوہلی سنچری نہیں بنا پائے۔ کیا آج کی نصف سنچری ان کی فارم میں واپسی کی طرف اشارہ کرتی ہے؟ کیا وہ جلد ہی وہ سنچری بنا لیں گے جس کا سب کو شدت سے انتظار ہے؟ ان سوالوں کے جوابات ہمیں کچھ عرصے میں مل جائیں گے۔