سری لنکا میں بحران لیکن آسٹریلیا دورے کے لیے پُر امید

0 561

اگر آپ سمجھ رہے ہیں کہ پاکستان کے حالات اِس وقت بہت خراب ہیں تو ایک نظر قریب ہی واقع سری لنکا پر ڈال لیں۔ ایک بدترین معاشی بحران نے اس خوبصورت ملک کو جکڑ رکھا ہے اور صورت حال یہاں تک پہنچ گئی کہ ملک نے دیوالیہ ہونے کا اعلان کر دیا۔ زبردست مظاہروں کے بعد اب حکومت مستعفی ہو چکی ہے اور مستقبل بے یقینی سے دوچار ہے۔

تو سوال پیدا ہوتا ہے کہ ایسی صورت حال میں کرکٹ کا کیا ہوگا؟ آسٹریلیا بھی اسی پر غور کر رہا ہے کیونکہ اس نے اگلے مہینے سری لنکا کا دورہ کرنا ہے۔

کرکٹ آسٹریلیا کا کہنا ہے کہ وہ سری لنکا میں تیزی سے بدلتی ہوئی صورت حال کا بغور معائنہ کر رہا ہے اور ابھی تک اسے یقین ہے کہ دورہ منصوبے کے عین مطابق ہوگا۔

آسٹریلیا نے 7 جون سے 12 جولائی کے درمیان سری لنکا کے دورے پر تین ٹی ٹوئنٹی، پانچ ون ڈے اور دو ٹیسٹ میچز کھیلنے ہیں۔ تین ہفتوں پر مشتمل دورے میں سے 16 دن آسٹریلیا کا قیام کولمبو میں ہوگا، وہی شہر کہ جہاں اس وقت مسلح دستے تعینات ہیں۔

ویسے پچھلے مہینے کرکٹ آسٹریلیا کے ایک وفد نے سری لنکا کا دورہ کیا تھا اور ملک کو دورے کے لیے محفوظ قرار دیا تھا لیکن تازہ ترین حالات کے بعد وہ دوبارہ جائزہ ضرور لے گا۔

واضح رہے کہ پاکستان نے بھی جولائی میں سری لنکا کا دورہ کرنا ہے کہ جس میں دو ٹیسٹ میچز کھیلے جائیں گے۔ گزشتہ روز کرکٹ سری لنکا کی درخواست پر اس دورے کے ون ڈے میچز منسوخ کر دیے گئے تھے۔