ہولڈر، ہٹمائر اور لوئس پاکستان کا دورہ نہیں کریں گے

0 1,001

کیرون پولارڈ کی ریٹائرٹمنٹ کے بعد ویسٹ انڈیز کے نئے کپتان نکولس پورن کو اپنی پہلی ہی مہم میں جیسن ہولڈر، شمرون ہیٹمیر اور ایون لوئس کی خدمات حاصل نہیں ہوں گی۔

نیدرلینڈز اور پاکستان کے دورے کے لیے ویسٹ انڈیز کی جس ٹیم کا اعلان کیا گیا ہے، اس میں یہ تینوں اہم کھلاڑی موجود نہیں ہیں بلکہ ان کی جگہ جیڈن سیلز، شرمن لوئس اور کیسی کارٹی ہیں۔

ویسٹ انڈیز کا اعلان کردہ 15 رکنی دستہ دونوں ملکوں میں کُل چھ ون ڈے انٹرنیشنل میچز کھیلے گا، جو ون ڈے سپر لیگ چیمپیئن شپ کا حصہ ہوں گے یعنی ورلڈ کپ 2023ء کے لیے براہِ راست کوالیفائی کرنے میں اہم کردار ادا کریں گے۔

کرکٹ ویسٹ انڈیز کے مطابق شمرون ہٹمائر کو پہلی اولاد کی پیدائش کی وجہ سے رخصت دی گئی ہے جبکہ ایون لوئس بورڈ کے فٹنس معیارات پر پورا نہ اترنے کی وجہ سے باہر ہوئے ہیں۔ ان دونوں کے مقابلے میں جیسن ہولڈر کو آرام کا موقع دیا گیا ہے۔

ویسے یہ تینوں کھلاڑی اِس وقت انڈین پریمیئر لیگ میں کھیل رہے ہیں۔

ان کی جگہ شامل کیے گئے جیڈن سیلز اور شرمن لوئس پہلی بار قومی ٹیم میں آئے ہیں۔ ان کے علاوہ ایک نیا چہرہ 25 سالہ کارٹی کا ہے، جنہوں نے انگلینڈ کے حالیہ دورے میں ایک وارم اپ کے دوران عمدہ کارکردگی دکھائی تھی۔ اگر وہ نیدرلینڈز یا پاکستان کے خلاف کسی میچ میں کھیلے تو ایک نئی تاریخ رقم ہو سکتی ہے کیونکہ وہ سینٹ مارٹن سے تعلق رکھنے والے پہلے انٹرنیشنل کھلاڑی بن جائیں گے۔

ویسٹ انڈیز فی الحال ورلڈ کپ 2023ء کے لیے براہ راست کوالیفائی کرنے کی پوزیشن میں نہیں ہے۔ وہ سپر لیگ میں پوائنٹس ٹیبل پر دسویں نمبر پر ہے اور اپنی حالیہ تینوں ون ڈے سیریز ہارا ہے، یہاں تک کہ اسے اپنے ہی میدانوں پر آئرلینڈ تک سے ‏2-1 سے شکست ہوئی۔

نیدرلینڈز اور پاکستان کے دوروں کے بعد سپر لیگ میں ویسٹ انڈیز کے صرف تین میچز بچیں گے، جو اسے ہوم گراؤنڈ پر نیوزی لینڈ سے کھیلنا ہوں گے۔ اگر وہ اگلے ورلڈ کپ کے لیے براہِ راست کوالیفائی کرنے میں ناکام رہا تو اسے 2019ء کے ورلڈ کپ کی طرح کوالیفائرز کھیلنا پڑیں گے۔

بہرحال، نیدرلینڈز کے دورے پر پہلا ون ڈے 31 مئی کو کھیلا جائے گا جس کے بعد باقی دو میچز 2 اور 4 جون کو ایمسٹلوین ہی میں ہوں گے۔ پاکستان کے دورے پر ویسٹ انڈیز 8، 10 اور 12 جون کو راولپنڈی میں کھیلے گا۔

دورۂ پاکستان اور نیدرلینڈز کے لیے اعلان کردہ ویسٹ انڈین ٹیم:

نکولس پورن (کپتان)، انکروما بونر، اینڈرسن فلپ، برینڈن کنگ، جیڈن سیلز، روماریو شیپرڈ، روومین پاول، الزاری جوزف، شمار بروکس، شے ہوپ، شیرمن لوئس، عقیل حسین، کائل میئرس، کیسی کارٹی اور ہیڈن واش جونیئر۔