آسٹریلیا-جنوبی افریقہ سیریز سے ٹیسٹ میچز کا خاتمہ

0 1,009

‏2023ء ورلڈ کپ کا سال ہے، اس لیے اگلے سال تمام ٹیموں کی کارکردگی کا مرکز و محور ورلڈ کپ ہی ہوگا۔ آسٹریلیا بھی عالمی اعزاز کے لیے ایک مرتبہ پھر فیورٹ کی حیثیت سے میدان میں اترے گا اور ورلڈ کپ کی تیاریوں کے لیے جنوبی افریقہ کا دورہ کرے گا، جس میں  پانچ ون ڈے اور تین ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچز کھیلے جائیں گے۔

یہ وہی دورہ ہے جو مارچ 2021ء میں کرونا وائرس کی وجہ سے ملتوی کر دیا گیا تھا۔ لیکن اصل سیریز میں تو ٹیسٹ میچز بھی شامل تھے نا؟ جی ہاں! لیکن اب ذرائع کا کہنا ہے کہ اس سیریز میں سے ٹیسٹ میچز کا خاتمہ کر دیا گیا ہے اور یہ صرف محدود اوورز کے مقابلوں پر ہی محدود ہوگی۔

کرکٹ ساؤتھ افریقہ کو امید ہے کہ یہ قدم اٹھانے کے باوجود اسے مالی نقصان نہیں ہوگا۔ کھیل کے دنوں میں سات دنوں کی کمی آنے کے باوجود اسے محدود اوورز کے آٹھ مقابلوں سے اتنی ہی آمدنی کی توقع ہے جتنی تین ٹیسٹ میچز سے ہوگی۔

ویسے جنوبی افریقہ خود بھی رواں سال کے اواخر میں آسٹریلیا جائے گا جہاں تین ٹیسٹ میچز کھیلے جائیں گے جبکہ تین ون ڈے انٹرنیشنلز بھی ہوں گے۔ یہ جنوبی افریقہ اور آسٹریلیا کے مابین 2018ء کے بعد پہلی ٹیسٹ سیریز ہوگی۔ یہ وہ بدنامِ زمانہ سیریز تھی جس میں آسٹریلیا کے کھلاڑی گیند کے ساتھ چھیڑ چھاڑ کرتے ہوئے پکڑے گئے تھے اور ان پر پابندیاں بھی لگی تھیں۔ چار سال سے زیادہ کا عرصہ گزر چکا ہے، دونوں ٹیموں کے درمیان کوئی ٹیسٹ سیریز نہیں ہوئی اور نہ ہی کوئی امکان ہے۔

محدود اوورز کی کرکٹ دیکھیں تو بھی صرف ایک ون ڈے سیریز کھیلی گئی ہے جس میں جنوبی افریقہ نے ‏3-0 سے کامیابی حاصل کی تھی اور پھر 2021ء کے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں سامنا ہوا تھا کہ جس میں آسٹریلیا چیمپیئن بنا تھا۔

دونوں ملکوں کے مابین ٹیسٹ سیریز کے لیے منصوبے 2021ء سے بنائے جا رہے ہیں لیکن ابھی تک اسے کوئی حتمی صورت نہیں مل سکی، جس کی وجہ سے جنوبی افریقہ بُری طرح متاثر ہو رہا ہے۔ اگست 2023ء میں سیریز کی باتیں کی جا رہی ہیں، لیکن کیا یہ سیریز واقعی ہو بھی پائے گی؟ یہ تو آنے والا وقت ہی بتائے گا۔ فی الحال ٹیسٹ میچز کے خاتمے کا غم منائیے کہ ایک زمانہ تھا جب آسٹریلیا اور جنوبی افریقہ کے درمیان بہترین ون ڈے میچز کے علاوہ شاندار ٹیسٹ کرکٹ بھی ہوتی تھی۔