کیا میک کولم انگلینڈ کے کوچ بننے والے ہیں؟

0 953

انگلینڈ کو صرف 20 دن بعد نیوزی لینڈ کے خلاف ٹیسٹ سیریز کھیلنی ہے۔ یہ نئے سیٹ اپ کے ساتھ انگلینڈ کا پہلا امتحان ہوگا کیونکہ جو روٹ قیادت سے استعفیٰ دے چکے ہیں، بورڈ کے سربراہ سے لے کر کپتان تک، ہر جگہ تبدیلی آئی ہے اور بہت سی نشستیں ابھی باقی ہیں، مثلاً ہیڈ کوچ کی۔

انگلینڈ نے کپتان کی طرز پر ٹیسٹ اور محدود اوورز کی کرکٹ میں کوچ بھی الگ کرنے کی تجویز دی ہے۔ ٹیسٹ کوچ کے لیے جو نئے امیدوار اچانک سامنے آئے ہیں وہ نیوزی لینڈ کے سابق کپتان برینڈن میک کولم ہیں۔ وہ میک کولم جو ٹیسٹ تو کجا فرسٹ کلاس میں بھی کسی ٹیم کی کوچنگ کا تجربہ نہیں رکھتے۔

اِس وقت انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ نئے کوچ کے لیے انٹرویوز کر رہا ہے اور امید ہے کہ رواں ہفتے نئے ٹیسٹ کوچ کا اعلان بھی ہو جائے گا۔ قرعہ فال میک کولم کے نام نکلے گا یا پھر گیری کرسٹن، سائمن کیٹچ یا گراہم فورڈ کے نام، یہ تو وقت ہی بتائے گا لیکن اس فہرست میں میک کولم کا اضافہ حیران کن ہے۔

برینڈن میک کولم تین سیزنز سے انڈین پریمیئر لیگ میں کلکتہ نائٹ رائیڈرز کے کوچ ہیں اور کوچنگ میں ان کا بس یہی تجربہ ہے۔ اس لیے ان کا ٹیسٹ کوچ کے لیے امیدوار بننا حیران کن بھی ہے اور دلچسپ بھی۔ بہرحال، میک کولم تقریباً پانچ سال تک نیوزی لینڈ کی کپتانی کر چکے ہیں بلکہ اسے عالمی کرکٹ میں ایک مضبوط ٹیم بنانے میں نمایاں کردار ادا کیا تھا۔